ژوب: سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن، دو عسکریت پسند ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو مبینہ عسکریت پسندوں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑالیا۔
لیویز ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع کے مرغا کبزئی علاقے میں مغوی پولیو رضاکاروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن کیا تھا۔
مسلح افراد نے اسی علاقے سے گزشتہ روز تین پولی ورکرز اور دو لیویز اہلکاروں کو اغوا کرلیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ مبینہ عسکریت پسندوں کی لاشیں سیکیورٹی فورسز کی تحویل میں ہیں تاہم مغوی افراد کو بازیاب نہیں کروایا جاسکا۔
مغویوں کی بازیابی کے لیے مزید نفری طلب کرلی گئی ہے جبکہ علاقے میں صورت حال کشیدہ ہے۔