• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہار کو بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا، مصباح

شائع February 15, 2015 اپ ڈیٹ February 16, 2015
۔—اے ایف پی فائل فوٹو۔
۔—اے ایف پی فائل فوٹو۔

ایڈیلیڈ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ہندوستان کے خلاف شکست کے بعد کہا ہے کہ اس ہار کو بھلاکر ورلڈ کپ میں آگے بڑھنا ہوگا۔

اتوار کو پاکستان عالمی کپ مقابلوں میں ہندوستان کو چھٹی مرتبہ بھی ہرانے میں ناکام رہا جہاں انڈیا کے 301 رنز کے ہدف پر گرین شرٹس صرف 224 رنز ہی بناسکے۔

مصباح الحق نے کہا 'مجھے نہیں پتہ کیا ہوا، لیکن ہمیں اب اس شکست کو بھلاکر مستقبل دیکھنا ہوگا۔ میچ ختم ہوچکا ہے اور ہمیں اب اگلے میچ پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔'

مصباح نے کہا کہ ہر ہارنے والا میچ ہی مشکل ہوتا ہے خاص طور پر جب یہ میچ ورلڈ کپ میں ہو لیکن یہاں ہندوستان کی تعریف کرنا ہوگی کیوں کہ انہوں نے بہترین بیٹنگ اور باؤلنگ کی اور انہیں جیت کا پورا کریڈٹ جاتا ہے۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں ہندوستانی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے شاندار سنچری اسکور کی جبکہ باؤلنگ میں محمد شامی نے چار جبکہ اومیش یادیو اور موہت شرما نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مصباح کے 84 گیندوں پر 76 رنز بھی پاکستان کو 76 رنز کی بھاری شکست سے نہ بچاسکے اور اس طرح پاکستان ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں ناکام رہا۔

دوسری جانب ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اتوار کے میچ اور انڈیا کی جانب سے اپنے شاندار ریکارڈ کے دفاع پر فخر کا اظہار کیا تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان بہترین ٹیم ہے جسے ہرانا کبھی بھی آسان ثابت نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ مقابلوں میں چھٹی فتح پر ان کو فخر ہے تاہم یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ مجموعی طور پر پاکستان کا ہندوستان کے خلاف بہتر ریکارڈ ہے۔

دھونی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہندوستان کا یہ ریکارڈ ہمیشہ برقرار نہیں رہے گا اور ایک دن پاکستانی ٹیم ہندوستان کے خلاف ورلڈ کپ میں کامیاب ہوجائے گی۔

ہندوستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں زیادہ مضبوط ٹیموں کے خلاف بھی اسی طرح کی کارکردگی برقرار رکھنی ہوگی۔

ہندوستان اپنا اگلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف میلبورن میں کھیلے گی جبکہ پاکستان ہفتے کو ویسٹ انڈیز کیخلاف کرائسٹچرچ میں مدمقابل ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024