کرکٹ ورلڈکپ کی آمد، گانوں کی ریلیز میں اضافہ
کرکٹ ورلڈکپ کا جادو دنیا بھر کے کروڑوں افراد کے سر چڑھ کر بول رہا ہے تاہم پاکستان اور ہندوستان میں جوش و خروش کچھ زیادہ ہی نظر آرہا ہے جس کی وجہ ان دونوں ٹیموں کا پہلے ہی گروپ میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آنا ہے۔
پاکستان میں اس حوالے سے فنکاروں میں بھی بھرپور جوش دیکھنے میں آرہا ہے اور ہر بار کی طرح اس بار بھی چینیلز اور گلوکاروں کی جانب سے مختلف گانے سامنے آرہے ہیں خاص طور پر پاک ہندوستان مقابلہ تو گیت میں چھایا نظر آتا ہے۔
اس حوالے سے نمایاں نام معروف گلوکار علی گل پیر کا ہے جنھوں نے ' شور مچا' کے ساتھ ورلڈکپ کے لیے اپنے منفرد غیر روایتی انداز کے ساتھ ایک گانا ایک نجی موبائل کمپنی کے تعاون کے ساتھ ریلیز کیا ہے۔
علی گل پیر ماضی میں بھی اپنے اپنے روایات سے ہٹ کر گانوں جیسے ' سائیں تو سائیں' اور ' تاڑو ماروں' انتہائی ہٹ ثابت ہوئے تھے۔
پاک فوج بھی لگتا ہے کہ کرکٹ اس بخار میں مبتلا ہوچکی ہے اور فوجی ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے اس کا اظہار اپنے فیس بک پیج پر دنیائے کرکٹ کے اس سب سے بڑے میلے کے حوالے سے ایک گیت شیئر کرکے کیا ہے۔
سانحہ پشاور پر آئی ایس پی آر کے لیے ' بڑا دشمن بنا پھرتا ہے' جیسا گیت بنانے والے ٹیم الفا نے ورلڈکپ کے حوالے سے ' کھل کے کھیل' نامی یہ گیت تیار کیا جسے اب تک فوجی ترجمان کی ویب سائٹ پر بیس ہزار کے لگ بھگ افراد دیکھ چکے ہیں۔
اسپورٹس چینل ٹین اسپورٹس کے لیے پاکستانی اشتہاری صنعت کے معروف ڈائریکٹر شانی حیدر نے پاک ہندوستان میچ کے حوالے سے ' پھوڑ دو' نامی مختصر دورانیہ کا اشتہار نما گانا بنایا ہے جو دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
کوک اسٹوڈیو نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2015 کے حوالے سے پاکستانی ٹیم کے لیے ایک گانا گزشتہ ماہ ہی متعارف کرادیا تھا۔
' پھر سے گیم اٹھا دیں' کے لیے کوک اسٹوڈیوز میں شریک متعدد گلوکاروں کی آوازوں کو استعمال کیا گیا اور یہ 1992 کے ورلڈکپ کی انگلش تھیم سے متاثر ہوکر اردو زبان میں تیار کیا گیا ہے۔











لائیو ٹی وی