اولمپک میڈل جیت سکتا ہوں، پاکستانی باکسر
اسلام آباد: باکسر محمد وسیم نے کہا ہے کہ اولمپک کوالیفائرز کیلئے انہیں کیوبا میں تربیت کا موقع دیا جائے۔
دولت مشترکہ کھیلوں میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر منگل کو یہاں وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ سے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد وسیم نے ڈان سے گفتگو میں کہا کہ اگر کیوبا میں تربیت کا موقع دیا گیا تو وہ ناصرف ریو اولمپک 2016 کیلئے کوالی فائی کر لیں گےبلکہ تمغہ بھی جیت سکتے ہیں۔
وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ کے وزیرریاض پیر زادہ نے تقریب میں تمغے جیتنے والوں کو اعزازت دیے۔
اعزاز پانے والوں میں جوڈوکو کھیل کے شاہ حسین شاہ (چاندی)، باکسر محمد وسیم (چاندی) اور ریسلر قمر عباس (چاندی) اور اظہر حسین (کانسی) شامل تھے۔
چاندی کے تمغے جیتنے والوں کو بیس لاکھ روپے جبکہ کانسی کا تمغہ اپنے نام کرنے والے اظہر کو دس لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔
بیرون ملک ہونے کی وجہ سے دونوں پہلوان تقریب میں شامل نہیں ہو سکے لہذاان کی فیڈریشن نے ان کی نمائندگی کی۔
تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کے کوچوں میں دو لاکھ روپے تقسیم کیے گئے۔
وسیم نے ڈان سے گفتگو میں مزید کہا 'دولت مشترکہ کھیلوں میں میری پرفارمنس اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر مجھے مناسب موقع دیا جائے تو میں ملک کیلئے تمغے جیت سکتا ہوں'۔
انہوں نے بتایا کہ وہ سخت محنت کر رہے ہیں۔ 'بیرون ملک تربیت سے باکسروں کو میگا ایونٹس میں بے پناہ فائدہ ہوتا ہے'۔
تقریب سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے دو گروہوں کے درمیان رسہ کشی کی وجہ سےمناسب تربیت نہ کر پانے کے باوجود کھلاڑیوں نے تمغے جیتے۔
اس موقع پر انہوں نے تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کی سخت تربیت اور کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔