'عمران نے خود الطاف حسین کو انقلابی لیڈر کہا'
اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان خود الطاف حسین کو انقلابی لیڈر کہتے رہے، اب کس منہ سے ان پر تنقید کررہے ہیں۔
ڈان نیوز کے پروگرام نیوز آئی میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رکن اسمبلی کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی سربراہ نے پہلے بھی الطاف حسین کے خلاف لندن جانے اور کیس لڑنے کا اعلان کیا،اگر وہ پہلے ڈٹے رہتے تو مجھے یقین ہوتا کہ عمران خان جو بات کررہے ہیں دکھ سے کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اس سے قبل کئی بار کراچی گئے لیکن متحدہ سے متعلق ایک لفظ بھی نہیں کہا، کیا اس وقت ایم کیو ایم کی باضابطگیوں سے متعلق انہیں علم نہیں تھا۔
ان کے بقول عمران خان نے خود کہا تھا کہ وہ الطاف حسین کوانقلابی لیڈر مانتے ہیں اور ایم کیو ایم ایک جمہوری پارٹی ہے تو آج انہیں کیوں متحدہ میں خرابی نظر آرہی ہے۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھاکہ انہیں عمران خان کی ٹائمنگ پر شک ہے،کیونکہ جب وزیرستان میں آپریشن شروع ہوا تو دھرنے شروع ہوگئے، آج جب پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متفق ہے انہوں نے پھر لڑائی شروع کردی۔
سانحہ بلدیہ ٹاون سے متعلق میاں جاوید لطیف نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ آگئی ہے، اس کیس کو بھی فوجی عدالتوں میں جانا چاہئے۔
پروگرام میں شریک سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم بخاری کا کہنا تھا کہ جس قسم کی زبان ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کی جانب سے استعمال کی گئی ،اس سے پوری دنیا میں پاکستان کا تمسخر اڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جانب سے جو زبان استعمال کی گئی وہ نہیں ہونی چاہئے تھی، اتنی بازاری زبان تو وہاں بھی نہیں بولی جاتی جن محلوں کا بیانات میں تذکرہ کیا گیا۔