عمران خان کا الطاف حسین کےخلاف برطانیہ سے رابطہ
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کے خلاف برطانوی حکومت کو شکایت درج کروادی۔
ہفتے کو الطاف حسین کی تقریر کے بعد گزشتہ روز عمران خان نے ایم کیو ایم قائد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اب سے جس فورم پر ایم کیو ایم ہوگی وہاں پی ٹی آئی موجود نہیں ہوگی۔
بعدازاں رہنما ایم کیو ایم حیدرعباس رضوی نے پریس کانفرنس کے دوران عمران خان پر جمہوریت ڈی ریل کرنے اور سیاسی عدم استحکام پھیلانے کا الزام عائد کیا۔
منگل کے روز چیئرمین عمران خان نے الطاف حسین کے خلاف برطانوی ہائی کمشنر کو خط میں لکھا ہے کہ برطانوی شہری (الطاف حسین) پاکستان میں پرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہیں اور نفرت انگیز سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت الطاف حسین کی غیر قانونی سرگرمیوں کا نوٹس لے۔
خط میں ان کا کہنا تھا کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ایم کیو ایم ملوث ہے جبکہ یہ واقعہ ایم کیو ایم کے مافیا ونگ کو بھتہ نہ دینے کی وجہ سے پیش آیا۔
عمران خان نےاپنےخط کے ہمراہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی رپورٹ بھی منسلک کی۔
دوسری جانب ایم کیو ایم نے عمران خان کے خلاف امریکی سفیر رچرڈ ولسن سے رابطہ کرلیا۔
ایم کیو ایم رہنما بابر غوری نے خط میں کہا کہ عمران خان کیرون وائٹ کی ولدیت سے انکار کرکےعدالتی فیصلےکی خلاف ورزی کررہےہیں اور عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کروایا جائے۔
تبصرے (1) بند ہیں