جنید ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پرامید
صوابی: قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر جنید خان شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں لیکن وہ اپنی بیوی کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور اس کے بجائے ان کی نظریں فٹنس کے حصول پر مرکوز ہیں تاکہ وہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی امیدیں برقرار رکھ سکیں۔
ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہونے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر پیر کو 18 سالہ برطانوی پاکستانی خانسہ خان سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
شادی کی تقریبات متھرا گاؤں میں پختون روایات کے تحت انجام پائیں۔
اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں 70 فیصد فٹ ہوں اور جمعرات کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی(این سی اے) کو جوائن کر لوں گا تاکہ بہتر فٹنس کا مظاہرہ کر کے انجری سے متاثرہ پاکستانی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بن سکوں۔
جنید نے کہا کہ دس دن قبل میری فٹنس میں فٹنس لیول 50 فیصد تک تھا لیکن اب میں 70 فیصد فٹ ہوں اور اگر میں این سی اے میں 90 فیصد فٹنس حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہوں تو شاید ورلڈ کپ کے لیے چلا جاؤں۔
جنید کی جگہ فاسٹ باؤلر راحت علی کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے جو ممکنہ طور پر بدھ کو سڈنی میں قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔
اس موقع پر 25 سالہ فاسٹ باؤلر نے ان تفصٰلات سے آگاہ نہیں کیا کہ انہیں کس طرح قومی ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا تاہم ان کا کہنا تھا کہ شادی کے باوجود ان کی تمام تر توجہ فٹنس کے حصول اور کرکٹ پر مبذول ہے۔
’میں اور میری بیوی ابھی بھی پرامید ہیں کہ میں ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہوں گا اور قوم کی دعاؤں اور نیک خواہشات کی ضرورت ہے، ابھی بھی امید کی ایک کرن نظر آرہی ہے اور میری نگاہیں اسی پر مرکوز ہیں، ورلڈ کپ کھیلنا میری بہت بڑی خواہش تھی لیکن میں فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کر سکا‘۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 15 فروری کو ہونے والے میچ کے حوالے سے کہا کہ یہ اعصاب کی جنگ ہو گی۔
جنید اور خانسہ کی منگنی گزشتہ سال جون میں انگلینڈ میں ہوئی تھی اور فاسٹ باؤلر نے کہا کہ وہ شادی پر بہت خوش ہیں۔
’شادی ہونے پر میں بہت خوش ہوں، یہ میری زندگی کا سب سے خوش کن لمحہ ہے۔