الطاف حسین کی سیکیورٹی اداروں سے معذرت
لندن، کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سربراہ الطاف حسین نے سیکیورٹی اداروں کے حوالے سے سخت جملوں کی ادائیگی پر معذرت کرلی ہے۔
ایم کیو ایم کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں الطاف حسین نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام سے معذرت خواہ ہوں، میرا مقصد کسی کی بھی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں : الطاف حسین کا متحدہ سے علیحدگی کا فیصلہ واپس
الطاف حسین نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں کچھ سخت جملے ادا کیے تھے، سخت جملوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بعض حکام کی دل آزاری ہوئی۔
ان کا مزید کہان تھا ک ان کا مقصد کسی کی بھی دل آزاری کرنا نہیں تھا، پھر بھی ان کی باتوں سے جس کسی بھی ادارے کے کسی بھی فرد کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے کہاکہ وہ قومی اداروں کا کل بھی احترام کرتے تھے اور آج بھی کرتے ہیں۔
ایم کیو ایم کا سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما رحمان ملک اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سربراہ الطاف حسین کے درمیان لندن میں ہونے والے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم نے سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی سینیٹ الیکشن میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گی اور دونوں جماعتوں کے درمیان سینیٹ انتخابات کیلئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگی ہے۔
سیٹ ایڈجسٹمنٹ فارمولے کے تحت پیپلزپارٹی کو سات اور ایم کیو ایم کو چار نشستیں ملیں گی۔
دونوں رہنماوں کی ملاقات میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے مابین سیاسی مفاہمت کے عمل کو مزید آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک نے یقین دہانی کرائی کہ ایم کیو ایم کو اس کا جائز حق ملے گا۔
مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کا سندھ حکومت سے علیحدگی کا اعلان
اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان ہر شعبے میں چالیس اور ساٹھ کے فارمولے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
دونوں رہنماوں کی ملاقات میں طے پایا ہے کہ سندھ میں امن و بھائی چارہ اور افہام وتفہیم کی فضاء کوفروغ دینے کیلئے ایم کیو ایم سندھ حکومت میں جلد شامل ہوجائے گی۔
اعلامیے کے مطابق اس مرتبہ دونوں جماعتوں کے مابین باقاعدہ تحریری معاہدہ ہوگا۔
یہ مزید پڑھیں: بلاول کے بیان پر ایم کیو ایم برہم
واضح رہے کہ گذشتہ سال اکتوبرمیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر ایم کیو ایم نے سندھ حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
رحمان ملک اور الطاف حسین کی ملاقات
سابق وفاقی وزیرداخلہ اور پاکستان پیپلزپارٹی اوورسیز کے صدر سینیٹررحمن ملک نے لندن میں ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین سے ملاقات کی اور سینیٹ الیکشن، ایم کیوایم پیپلزپارٹی تعلقات اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ایم کیوایم کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی ماحول کوبہتربنانے کیلئے پیپلزپارٹی اورایم کیوایم کے مابین سیاسی مفاہمت کے عمل کوآگے بڑھائے جانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیاں ہونے والے معاہدوں پرعمل درآمد اور ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنانے کیلئے ایک کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق ہوا ہے جس میں دونوں جانب سے دو دو ارکان شامل ہوں گے۔
دونوں رہنماوں کے درمیاں اس بات پر بھی اتفاق ہوا ہے کہ دونوں جماعتیں مل جل کر سندھ کوترقی دینے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گی۔
تبصرے (0) بند ہیں