الطاف حسین کیخلاف لندن میں مقدمے کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین پر سخت تنقید کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ جس فورم پر ایم کیوایم ہوگی تحریک انصاف وہاں نہیں ہوگی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت جےآئی ٹی پر ایکشن لے اور ملوث افراد کو پکڑے جبکہ اس کی ذمہ داری وزیراعظم پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے ہماری خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے جس پر لندن میں کیس کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کڑوا گھونٹ لیا اور دہشت گردی کے خلاف حکومت کا ساتھ دیا تاہم اب فیصلہ کرلیا ہے کہ جس فورم پر ایم کیو ایم ہوگی وہاں تحریک انصاف حصہ نہیں لے گی۔
اس موقع پر عمران خان نے عمران فاروق قتل کیس کے دوملزمان بھی برطانیہ بھیجنے کا مطالبہ کیا۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیوایم محمودآباد کے سیکٹر انچارج رفیق راجپوت کو تفتیش کی غرض سے نوے روز کے لیے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔
'ایسا نہ ہو ہمارے ہاتھ ہوں اور عمران خان کا گریبان'
عمران خان کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ عمران خان شیشے کے گھر میں بیٹھ کرالطاف حسین پرتنقید نہ کریں، ایسا نہ ہوہمارے ہاتھ ہوں اور عمران خان کا گریبان۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کراچی والوں پر ہونے والے ظلم پر کبھی بات نہیں کرتے، پی ٹی آئی سربراہ کے بیان پر ایم کیوایم کے لاکھوں کارکن غم و غصے کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے جمہوریت کی بساط لپیٹی جاسکتی ہے جبکہ وہ سیاسی افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
'عمران خان جمہوریت ڈی ریل کرنے کی کوشش کررہے ہیں'
۔—ڈان نیوز اسکرین گریب |
ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے پارٹی کے مرکز نائن زیرو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جمہوریت ڈی ریل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور سیاسی عدم استحکام پھیلانا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر پارٹی رہنما حیدر عباس رضوی کو کہنا تھا کہ تحریک انصاف وہ واحد جماعت ہے جس نے اب تک کھل کر طالبان کی مذمت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان حال ہی میں دہشت گردی کے خلاف قائم ہونے والے قومی اتحاد کو برباد کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
عمران خان کی جانب سے لندن میں مقدمے کے ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی شوق سے لندن جائیں، وہ پہلے بھی ایسا کرچکے ہیں، ناکام ہوئے اور اس مرتبہ بھی ناکام ہوں گے۔
ایم کیوایم کا منگل کو الطاف حسین سے یوم یکجہتی منانے کا اعلان
متحدہ کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منگل کو دو بجے عائشہ منزل سے مزار قائد تک ریلی نکالیں گے
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پریس کانفرنس کا جواب کل دیا جائے گا۔