پائلٹ کا قتل: اردن کا داعش کیخلاف فضائی حملوں میں اضافہ
عمان: پائلٹ کے قتل کے بعد اردن فضائیہ نے داعش کیخلاف ٖفضائی حملے تیز کرتے ہوئے تین روز میں داعش کے 56 مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔
اردن کی فضائیہ کے سربراہ جنرل منصور الجبور نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ داعش کی جانب سے ان کے فاٹر پائلٹ کے زندہ جلائے جانے کے واقعے کے بعد اردن کی فضائیہ نے تین روز میں داعش کے زیر اثر 56 مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔
مزید پڑھیں: داعش نے اردنی پائلٹ کو زندہ جلانے کی ویڈیو جاری کردی
گذشتہ دنوں داعش کی جانب سے جاری کی جانے والی سفاکانہ ویڈیو میں پائلٹ معاذ الکساسبہ کو ایک پنجرے میں بند دکھایا گیا جس کے بعد داعش کے جنگجوؤں نے اسے آگ لگادی تھی۔
داعش نے معاذ کو گذشتہ سال دسمبر میں ان کیخلاف شمالی شام کے علا قوں میں جاری آپریشن کے دوران نشانہ بنائے جانے والے ایف 16 طیارے کے زمین پر گرنے کے بعد پکڑ لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: داعش نے اتحادی فوج کا طیارہ مارگرایا، پائلٹ قبضے میں
اردی فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فضائی حملوں میں داعش کے لاجسٹکس مراکز، اسلحہ ڈپو اور تنظیم کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
داعش کے خلاف اردن امریکا کا پانچواں بین الاقوامی اتحادی ہے جو تنظیم کیخلاف ہونے والی فضائی کارروائیوں میں شریک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فضائی حملوں میں داعش کی 20فیصد صلاحیت کو نقصان پہنچا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران اردن کے فضائیہ کے چیف کا کہنا تھا کہ داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو نشانہ بنانے، داعش کے جانب سے کئے جانے والے تیل کے کاروبار کو بند کرنے، تنظیم کے ٹرینگ سینٹر اور کمانڈ سینٹرز کو تباہ کرنے کیلئے اردن اتحادیوں کے ساتھ مل کر مزید حملے کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گذشتہ چند ہفتوں میں ہونے والی بمباری میں 7ہزار دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اردن کے بادشاہ عبداللہ نے داعش کی جانب سے ان کے پائلیٹ کے قتل کے بعد اس عزم کا اظہار کیا کہ داعش کیخلاف جاری حملوں بین الاقوامی اتحادیوں کو مزید مدد فراہم کی جائے گی۔