ہندوستان: ذہنی معذور لڑکی زیادتی کے بعد قتل
نئی دہلی: شمالی ہندوستان کی ریاست ہریانہ میں نیپال سے تعلق رکنے والی ذہنی طور پر معذور خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 28 سالہ خاتون ہریانہ کی ریاست کے شہر روہٹک میں اپنی بہن کے ساتھ رہائش پذیر تھی اور 1 فروری کو علاج کیلئے ہسپتال جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئی تھی جس کی لاش تین روز کے بعد ہائی وے سے منسلک میدان سے برآمد ہوئی جہاں اس کو دفن کیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے حوالے سے ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاش کے پوسٹ مارٹم کے مطابق مقتولہ کو قتل کرنے سے پہلے زیادتی کے دوران تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
روہٹک پولیس کے سینئر پولیس افسر شاشنک آنند نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ان کی ٹیم کو واقعے کے حوالے سے اہم شواہد مل گئے ہیں اور وہ بہت جلد واقعے کے ذمہ داروں کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کردے گے۔
دوسری جانب مقتولہ کی بہن نے این ڈی ٹی وی سے بات کرتے پولیس پر الزام لگایا ہے کہ پولیس واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے میں سست روی سے کام لے رہی ہے۔
مقتولہ کی بہن نے حکام سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کے بعد سخت سے سخت سزا دی جائے۔
اس کا مزید کہنا تھا کہ’مجھے اپنی بہن کیلئے انصاف چاہیئے، جھوں نے بے دردی سے اس کا قتل کیا ہے‘۔
خیال رہے کہ ہندوستان میں خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعات میں گزشتہ کچھ سالوں میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا خاص طور پر 2012 میں ہندوستان کے دارلحکومت نئی دہلی میں ایک طالبہ کو بس میں گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر احتجاج کا سلسہ شروع ہو گیا تھا جس میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر قانون بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔