ایاز صادق کی معطلی کا مطالبہ
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں مبینہ دھاندلی سے متعلق کیس کا نتیجہ آنے تک اسپیکر اسمبلی سردار ایاز صادق کو ان کی نشست سے ہٹا دیا (ڈی سیٹ کردیا )جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی اور حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کے خلاف گزشتہ عام انتخابات کے دوران حلقہ این اے 122 میں دھاندلی کا الزام عائد کررکھا ہے۔
پیر کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان سے ملاقات میں عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے 2 ٹاسک فورس بنانے کی درخواست کی۔
'ایک ٹاسک فورس بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے بنائی جائے جبکہ دوسری ٹاسک فورس پاکستان میں الیکٹرونک ووٹنگ کےسلسلے میں بنائی جائے، جس کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کو بھی ووٹنگ کا حق ملے گا'۔
سردار رضا خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ 4 ماہ کے بعد الیکشن کمیشن روزانہ کی بنیاد پرسماعت کا اختیاررکھتا ہے، لیکن انھیں انتخابی دھاندلی کیس کی سماعت میں تاخیر کی وجہ سمجھ نہیں آتی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے بتایا کہ انھوں نے چیف الیکشن کمشنر سے تین حلقوں میں روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی درخواست کی ہے۔
انھوں نے آئندہ انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔
عمران خان نے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) پر نااہلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ دھاندلی بھی صحیح طریقے سے نہیں کرسکتے۔
مزید پڑھیں: این اے 122 میں انتخابی بے ضابطگیوں کی تصدیق
انھوں نے بتایا کہ فرانزک رپورٹ عدالت میں پیش کردی ہے اور این اے 122 کا فیصلہ قوم کے سامنے سچ لائے گا۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں حکومت کے لیے رکاوٹیں پیدا نہیں کرنا چاہتے، تاہم اگر انصاف نہ ملا تو دوبارہ سڑکوں پر آئیں گے۔
تبصرے (1) بند ہیں