کے الیکٹرک کو ایک کروڑ کا جرمانہ
اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاوراینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کی جانب سے میٹر رینٹ کی مد میں سات تا بیس روپے وصولی کوغیرقانونی قرار دے دیا ہے جب کہ لائسنس کی خلاف ورزی پر کمپنی پر ایک کروڑ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کوحکم دیا ہے کہ بجلی صارفین سے میٹر رینٹ کی وصولی فوری طور پر روک کر گذشتہ سالوں کے دوران وصول کی گئی رقم بھی صارفین کو واپس کرے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے میٹر رینٹ کی مد میں صارفین سے ماہانہ ایک کروڑ اسی لاکھ روپے وصول کیے جارہے تھے۔
نیپرا نے موقف اختیار کیا ہے کہ کے الیکٹرک کوملٹی ائیر ٹیرف جاری کیا گیا تھا، جس کےتحت کے الیکٹرک منظورشدہ ٹیرف کے علاوہ کسی بھی مد میں صارفین سے اضافی پیسے وصول کرنے کی مجاز نہیں۔
کے الیکٹرک کو لائسنس اور قواعد کی کھلی خلاف ورزی کرنے پر ایک کروڑ روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ میٹررینٹ کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (کے ای ایس سی) کے قیام کے وقت سے وصول کیا جا رہا ہے جب کہ میٹرخراب ہونے کی صورت میں اخراجات کمپنی کو برداشت کرنا پڑتے ہیں۔
تاہم نیپرا نے کے الیکٹرک کا موقف مسترد کردیا ہے۔