پاکستان ہاکی فیڈریشن میں فنڈز کا بحران
راولپنڈی: پاکستان کی دس بہترین مقامی ٹیمیں جمعرات سے آرمی ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہونے والے دس روزہ چیف آف آرمی سٹاف ہاکی چیمپئن شپ میں مد مقابل ہوں گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد کا کہنا ہے کہ اس چیمپئن شپ سے انہیں مستقبل کے عالمی ایونٹس کیلئے قومی سکواڈ منتخب کرنے میں مدد ملے گی۔
رانا مجاہد نے بتایا کہ وہ اپریل اور مئی میں اذلان شاہ کپ اور پھر بیلجئم میں جون ، جولائی کے دوران اولمپک کوالی فائرز کھیلنے کیلئے سرکاری فنڈز کے منتظر ہیں۔
'اگر امداد مل گئی تو اس ایونٹ کی مدد سے ہمیں قومی سکواڈ بنانے میں مدد ملے گی'۔
انہوں نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی کے ارکان قومی سکواڈ میں نئے چہروں کو شامل کرنے کیلئے ایونٹ کے میچ دیکھیں گے۔
ایونٹ میں پی آئی اے، واپڈا، آرمی، نیوی، نیشنل بینک، پنجاب، ہائر ایجوکیشن کمیشن، سوئی سدھرن گیس کمپنی جیسی بہترین ٹیمیں شریک ہو رہی ہیں۔
مجاہد کا کہنا تھا کہ ایشین کپ اور چیمپئنز ٹرافی میں گرین شرٹس نے شاندار پرفارمنس دکھائی لیکن ٹیم کو اس وقت فنڈز کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
'ہم وزیر اعظم اور پی ایچ ایف کے پیٹرن نواز شریف سے گزشتہ کئی مہینوں سے فنڈز جاری کرنے کی اپیل کر رہے ہیں تاہم اب تک ایسا نہ ہو سکا'۔
'اگر فنڈز جاری نہ ہوئے تو ہاکی کا مستقبل تاریک ہو جائے گا'۔ رانا مجاہد نے ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم سے فنڈز جاری کرنے کی درخواست کی تاکہ ہاکی کا مستقبل بچایا جا سکے۔