• KHI: Asr 5:04pm Maghrib 6:53pm
  • LHR: Asr 4:39pm Maghrib 6:29pm
  • ISB: Asr 4:45pm Maghrib 6:36pm
  • KHI: Asr 5:04pm Maghrib 6:53pm
  • LHR: Asr 4:39pm Maghrib 6:29pm
  • ISB: Asr 4:45pm Maghrib 6:36pm

تحریک انصاف کی الیکشن کمیشن کیخلاف عدالت جانے کی دھمکی

شائع January 20, 2015
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین—۔فوٹو/ بشکریہ جہانگیر ترین فیس بک اکاؤنٹ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین—۔فوٹو/ بشکریہ جہانگیر ترین فیس بک اکاؤنٹ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ اگر 2013 کے عام انتخابات میں استعمال ہونے والے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا مکمل ریکارڈ فراہم نہ کیا گیا تو کمیشن کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین کی جانب سے پیر کو الیکشن کمیشن کے سربراہ ریٹائرڈ جسٹس سردار محمد رضا کو ارسال کیے گئے ایک خط میں شکایت کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ برس نومبر میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے بارے میں معلومات طلب کی تھیں، جو ابھی تک فراہم نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ یہ خط پارٹی چیئرمین عمران خان کے اس اعلان کے محض ایک دن بعد تحریر کیا گیا ہے، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی اب انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف دوبارہ دھرنوں کے بجائے صوبہ خیبر پختونخوا میں ترقیاتی کاموں پر توجہ مرکوز کرے گی۔

مزید پڑھیں: دوبارہ دھرنے خارج ازامکان، عمران

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ کی جانب سے خط کی ایک کاپی میڈیا کو بھی جاری کی گئی، جس میں کہا گیا کہ پارٹی اپنے بنیادی حق کے حصول کے لیے آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت سپریم کورٹ آف پاکستان یا آرٹیکل 199(2) کے تحت قانونی کارروائی کے لیے کسی بھی ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتی ہے۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے گزشتہ برس 25 نومبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط ارسال کیا تھا جس میں 2013 کے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان، سیکیورٹی پرنٹنگ پریس آف پاکستان، پوسٹل فاؤنڈیشن پریس اور کسی بھی دوسرے پریس ( جس نے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی ہو) کو کی جانے والی ادائیگیوں اور بلز کی تفصیلات مانگی گئی تھیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے نمائندے بیرسٹر سلمان آفریدی نے الیکشن کمیشن آفس کا متعدد بار دورہ کیا، تاہم بدقسمتی سے مطلوبہ معلومات ابھی تک فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی ہمیں اپنی درخواست کا رسمی طور پر جواب دیا گیا ہے۔

جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 19(A) کے تحت عوامی اہمیت کے تمام معاملات میں 'اطلاعات تک رسائی' ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور ویسے بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابات کے حوالے سے سرکاری ریکارڈ اور معلومات فراہم کرنے کی پابند ہے۔

انھوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ الیکشن کمیشن ہماری درخواست پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہو چکا ہے، جو آئین کے تحت عام شہری کو دیئے گئے بنیادی حق سے متصادم ہے، دوسری جانب یہ فریڈم آف انفارمیشن آرڈینسس 2000 کے تحت اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی ناکام ہوگیا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے ایک باغی رکن اکبر بابر نے ڈان کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے پارٹی فنڈز میں کرپشن اور مالی بے قاعدگیوں کے حوالے سے ان کا کیس سننے کا فیصلہ کیا ہے۔

اکبر بابر کے مطابق الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی قیادت کو 23 فروری کو حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 11 اپریل 2025
کارٹون : 10 اپریل 2025