دھرنوں کی وجہ سے 'کمبخت' میں تاخیر ہوئی، حمزہ علی عباسی
بہت کم اداکار ایسے ہیں جن کی نہ صرف شخصیت متاثر کن ہے بلکہ اداکاری میں بھی ان کا کوئی ثانی نہیں اور حمزہ علی عباسی— واقعی ایک ایسے اداکار ہیں جنھوں نے نہ صرف اداکاری میں اپنا نام بنایا ہے بلکہ وہ ایک بہترین ماڈل اور ڈائریکٹر بھی ہیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک سے نشر ہونے والا ڈرامہ سیریل 'پیارے افضل' حمزہ علی عباسی کا ایک ایسا ڈرامہ تھا جس نے نہ صرف ٹی وی اسکرین بلکہ ناظرین کے دلوں پر بھی قبضہ کیے رکھا۔
اگرچہ یہ ڈرامہ اختتام پذیر ہو چکا ہے تاہم لوگ بس یہی سوال کرتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ حمزہ دوبارہ ایکشن میں کب نظر آئیں گے۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے حمزہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ ٹی وی پر نہیں تاہم جلد ہی وہ نظر آئیں گے۔
'میں سال میں کم از کم ایک ڈرامہ کرنا چاہتا ہوں، تاہم ابھی تک میں نے کسی اسکرپٹ کے لیے حامی نہیں بھری ہے اور حال ہی میں جس قسم کے اسکرپٹس میرے سامنے آئے انھوں نے مجھے متاثر نہیں کیا۔ میرا اس سال ٹی وی پر آنے کا ارادہ ہے لیکن صرف اس وقت جب مجھے ایک اچھی اسٹوری ملے گی'۔
پانچ ماہ قبل حمزہ علی عباسی کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم 'کمبخت' کے پہلے ٹریلر کی ریلیز کے بعد سے اس فلم سے متعلق خبریں گرم ہوگئی تھیں۔
حمزہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 'مجھے اعتراف ہے کہ فلم کی شوٹنگ میں تاخیر ہوئی، کیونکہ میں دھرنوں میں مصروف تھا، تاہم اب یہ پوسٹ پروڈکشن کے مراحل میں ہے اور ہم اسے رواں برس مارچ تک مکمل کر کے اے آر وائی کو ریلیز کے لیے دے دیں گے'۔
'مجھے اس پروجیکٹ پر بہت یقین ہے، بغیر کسی مقصد کے تفریح بالکل بیکار ہے اور 'کمبخت' نہ صرف لوگوں کو ہنسائے گی بلکہ یہ انھیں سوچنے پر بھی مجبور کردے گی'۔
'کمبخت' کی کاسٹ میں ہمایوں سعید، شہریار منور صدیقی، سوہائے علی ابڑو، صبا قمر اور حمزہ علی عباسی شامل ہیں۔
صبا قمر کے بارے میں بات کرتے ہوئے حمزہ نے کہا کہ 'ہم دونوں صرف دوست ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ کسی دوسرے رشتے میں منسلک نہیں ہیں'۔
انھوں نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں وہ کسی سے ملے ہیں اور جس کے لیے ان کے دل میں نرم گوشہ موجود ہے۔ 'ابھی تک معاملہ درمیان میں ہے تاہم میں اس بات کی گارنٹی دیتا ہوں کہ ان کا تعلق میڈیا سے نہیں ہے'۔
اس بات کے تو سب ہی گواہ ہیں کہ حمزہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے حامی ہیں اور ان کے جلسوں اور مظاہروں میں بھی شریک ہوتے ہیں۔
`
کپتان کی شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ اس بات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کہ سانحہ پشاور کے تناظر میں عمران خان نے اپنی شادی کی کسی بڑی تقریب کا انعقاد نہیں کیا۔
'یہ ایک بہت سادہ اور پُر وقار سی تقریب تھی، لیکن میڈیا نے قیاس آرائیاں شروع کردیں اور ایسا تو ہونا ہی تھا'۔
حمزہ علی عباسی کو اب ہمایوں سعید کی کامیڈی فلم 'جوانی پھر نہیں آنی' میں بھی دیکھا جائے گا۔
فلم 'جوانی پھر نہیں آنی' کی کاسٹ—۔فوٹو/ بشکریہ حمزہ علی عباسی آفیشل فیس بک اکاؤنٹ |
انھوں نے بتایا کہ 'گزشتہ دنوں ہم بینکاک میں تھے، جہاں فلم کی شوٹنگ مکمل کی گئی اوراگر سب کچھ پلان کے مطابق چلتا رہا تو اسے فروری تک مکمل کرلیا جائے گا'۔
ان کا کہنا تھا کہ بلال لاشاری کی 'مولا جٹ' بھی پائپ لائن میں ہے تاہم ابھی یہ فلم پری پروڈکشن کے مراحل میں ہے اور آئندہ چند ماہ میں ہی اس پر حتمی طور پر کام کا آغاز ہوگا۔
سال 2014 حمزہ علی عباسی کے لیے ایک بہترین سال ثابت ہوا اور 2015 کے آغاز میں ہی ان کے پروجیکٹس دیکھ کراس سال کی کامیابی کا اندازہ بھی لگایا جا سکتا ہے۔