باسکٹ بال کورٹ میدان جنگ بن گیا
مونٹی نیگرو: باسکٹ بال کے یورو کپ میں شائقین نے کورٹ میں آکر ترک ٹیم کے کھلاڑیوں کو دھکا دے دیا جس کے بعد وہاں جھگڑا ہوا گیا اور میچ کو 15 منٹ تک روکنا پڑا۔
بدھ کی رات مونٹی نیگرو میں ہونے والے میچ میں اس وقت خلل پڑا جب ایک فین نے ترک کلب کے دو کھلاڑیوں پر حملہ کردیا جس کے بعد کورٹ میں جھگڑا ہو گیا اور وہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔
بڈوک نوسٹ پوڈگوریکا ، بینوٹ کی میزبانی کر رہا تھا اور جس وقت میچ رکا ان کا ایک کھلاڑی فاؤل لائن پر کھڑا تھا۔
اس موقع پر ایک فین کورٹ میں داخل ہوا اور اس نے سابق اسٹار اور بینوٹ کے گارڈ سیمی میجیا کو دھکا دے دیا۔
تاہم فوراً ان کے ساتھی کھلاڑی ای جے سمنز کورٹ میں داخل ہوئے اور انہوں نے فین کو زبردست مکا جڑتے ہوئے حساب بے باق کردیا۔
ایسا محسوس محسوس ہوتا تھا کہ معاملہ رفع دفع ہو گیا ہے اور فین کو کورٹ سے باہر لے جایا جا رہا ہے لیکن اسی لمحے گارزا نامی کھلاڑی نے آگے بڑھ کر تماشائی کو ایک اور مکا دے مارا۔
اس صورتحال کے باعث 15 منٹ تک کھیل شروع نہ ہو سکا اور معاملات ٹھیک ہونے کے بعد مقابلہ دوبارہ شروع ہوا جس میں بینوٹ نے 74-68 سے کامیابی حاصل کی۔