عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت پچاس ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے
نیو یارک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 50 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے گرگئی اور اپریل2009 کی سطح پر آگئی۔
خیال رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کے بعد پاکستان میں گزشتہ چند ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تین مرتبہ کمی کی گئی۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں مزید کمی کے بعد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں چھ فیصد کمی دیکھی گئی جو کہ 2009 کے بعد سے کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں امریکی خام تیل کی قیمت 50$ ڈالر فی بیرل کی سطح بھی برقرار نہ رکھ سکی اور 49.95$ فی بیرل پر آگئی۔
دوسری جانب برینٹ خام تیل میں بھی کمی دیکھی گئی اور یہ 53$ ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
گزشتہ سال جون سے لیکر اب تک خام تیل کی قیمت میں 55 فیصد کمی آئی ہے۔
کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ آئندہ ہفتے تک امریکی خام تیل 40$ فی بیرل پر فروخت ہورہا ہوگا۔