• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

لکھوی نے جسمانی ریمانڈ چیلنج کردیا

شائع December 31, 2014
ذکی الرحمان لکھوی (درمیان) دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے ہوئے ہیں—۔فوٹو/ اے پی
ذکی الرحمان لکھوی (درمیان) دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے ہوئے ہیں—۔فوٹو/ اے پی

اسلام آباد: ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمن لکھوی نے اغواء کے مقدمہ میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ کو ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں چیلنج کردیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذکی الرحمن لکھوی کے وکیل رضوان عباسی ایڈووکیٹ نے جسمانی ریمانڈ کے خلاف ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں درخواست دائر کی۔

درخواست میں وکیل رضوان عباسی نے موقف اختیار کیا کہ ذکی الرحمن لکھوی 6 سال سے جیل میں ہیں، لہذا ان کے خلاف مقدمے کے اندراج کی کوئی وجہ اور بنیاد نہیں ہے۔

عدالت نے مقدمہ کے مدعی داؤد خان کو طلب کرتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔

ذکی الرحمن لکھوی کے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ بے بنیاد مقدمہ ہندوستان کے دباؤ پر درج کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ذکی الرحمن لکھوی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

لکھوی کے خلاف کلر سیداں کے رہائشی داود خان کی مدعیت میں انور خان نامی شخص کے اغوا کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ میں درج کروایا گیا، جس کے بعد پولیس نے انھیں گرفتار کرلیا تھا۔

گرفتاری کے بعد ان کو سول جج ملک امان کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس کی درخواست پر لکھوی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن کی رہائی کا مشروط حکم نامہ جاری کیا تھا ۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے ذکی الرحمن لکھوی کی نظربندی ختم کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ اپیل میں عدالت سے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات انتہائی خراب ہو گئے تھے اور ہندوستان کی جانب سے ذکی الرحمن لکھوی پر ممبئی حملے کے ماسڑ مائنڈ ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔

جس پر پاکستان نے چند سال قبل لکھوی کو مظفر آباد سے واپس آتے ہوئے گرفتار کر لیا تھا۔

جبکہ ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی نے لکھوی کی مبئی حملہ کیس میں ضمانت پر تبصرہ کرتے ہوئے عدالتی فیصلے کو تمام لوگوں کے لیے ایک دھچکا قرار دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024