ژوب: آپریشن میں 2 خود کش ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے ژوب میں سرچ آپریشن کے دوران 2 خود کش ہلاک ہو گئے، ایک خود کش نے دھماکے سے خود کو اڑایا جبکہ دوسرا فورسز کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔
ژوب کے پہاڑی علاقے گوال اسماعیل زئی میں سرچ آپریشن کے دوران ایک خود کش حملہ آور سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ماراگیا جبکہ دوسرے نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑالیا۔
سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی پناہ گاہ سے 500 بم ، 50 جیکٹس، 13 راکٹ لانچر اور 200 کلو گرام دھماکا خیز مواد برآمد کیا۔
فورسز نے خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹ پر علاقے میں کارروائی کی۔
واضح رہے کہ گوال اسماعیل زئی خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے فاٹا اور افغان سرحد کے قریب واقع ہیں، یہ علاقے افغانستان سے ملحق ہونے کے باعث عسکریت پسندوں کے لیے محفوظ راستے ہوا کرتے تھے مگر پاک فوج کے جون 2014 میں شروع کیے جانے والے آپریشن ضرب عضب سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے محدود ہو کر ختم ہوتے جا رہے ہیں۔