عمرہ کرایوں میں اضافہ پر تحریک انصاف کی مذمت
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باوجود پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی جانب سےعمرے کے کرایوں میں اضافے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔
ڈان اخبار کے مطابق اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کو عمرے کے کرایوں میں اضافہ واپس لیے جانے کے حوالے سے اقدامات کرنے چاہیئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پٹرول انتہائی سستا ہونے کے باوجود حکومت بجلی کے نرخوں میں کمی نہ کرکے بھی عوام کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے ۔
اعجاز چوہدری نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو بجلی کے نرخوں میں کمی کرکےعوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔
انھوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی نہیں کی گئی جبکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس سلسلے میں ہنگامی اقدامات کرنے چاہئیں۔
انھوں نے کہا کہ ملک و قوم کو درپیش چیلینجز سے نمٹنے کے لیے جمہوری قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اپنا دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ قومی مفاد میں کیا ہے اور اب حکومت کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔