بجلی بریک ڈاؤن نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کی غفلت قرار
اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں جمعہ کے روز بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کا ذمہ دار نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کی غفلت کو قرار دے دیا گیا۔
وزارت پانی و بجلی نے غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی پر غور شروع کر دیا ہے۔
واپڈا نے بریک ڈاؤن سے متعلق رپورٹ وزارت پانی و بجلی کو ارسال کردی ہے۔
مزید پڑھیں : نیشنل پاور گرڈ بڑی تباہی سے بچ گیا
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کی غفلت کے باعث بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا،
ذرائع نے ڈان نیوز کو یہ بھی بتایا کہ اس حوالے سے نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ کے تھرمل پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار کم تھی جس کی وجہ سے ٹرانسمیشن سسٹم اور پن بجلی پیدا کرنے والے پاور ہاؤسز پر دباؤ بڑھا۔
روپرت کے مطابق نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کی ذمہ داری تھی کہ بجلی کا لوڈ کنٹرول کرنے کے لیے گرڈ اسٹیشنز بند کروائے جاتے، مگر نیشنل پاور کنٹرول سینٹر مقررہ وقت کے دوران طلب کا دباؤ کم کرنے میں ناکام رہا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ تربیلا، غازی بروتھا اور منگلا پاور ہاؤسز پر بجلی کا لوڈ مقررہ حد سے تجاوز ہوا تو تینوں پاور پلانٹس کے پیدواری یونٹس بند ہوگئے۔
دوسری جانب حکام کا کہنا تھا کہ تربیلا پاور ہاؤس کے 8 یونٹس سے 855میگاواٹ بجلی کی پیداوارشروع دی گئی تھی۔