• KHI: Asr 5:03pm Maghrib 6:47pm
  • LHR: Asr 4:34pm Maghrib 6:20pm
  • ISB: Asr 4:39pm Maghrib 6:26pm
  • KHI: Asr 5:03pm Maghrib 6:47pm
  • LHR: Asr 4:34pm Maghrib 6:20pm
  • ISB: Asr 4:39pm Maghrib 6:26pm

'سندھ، پنجاب بلدیاتی انتخابات کے انتظامات 1 ماہ میں مکمل کریں'

شائع December 8, 2014
سپریم کورٹ آف پاکستان کا ایک منظر—۔فوٹو/ اے ایف پی
سپریم کورٹ آف پاکستان کا ایک منظر—۔فوٹو/ اے ایف پی

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے صوبہ سندھ اور پنجاب کو حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات کے تمام انتظامات ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

پیر کوچیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت وکیل الیکشن کمیشن اکرم شیخ نے عدالت کو بتایا کہ حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق سندھ اور پنجاب حکام کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے۔

پنجاب نے لوکل گورنمنٹ قانون میں ترمیم، لوکل ایریاز، یونین کونسلز، وارڈز کے نوٹیفکیشن اور تصدیق شدہ نقشے 15 روز میں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

جبکہ سندھ نے لوکل گورنمنٹ قانون میں ترمیم، لوکل ایریاز، یونین کونسلز، وارڈز کے نوٹیفکیشن اور تصدیق شدہ نقشے 30 روز میں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سندھ کی جانب سے زیادہ وقت کیوں مانگا گیا ہے، جس کام کے لیے پنجاب نے 15 روز مانگے ہیں، سندھ حکومت کو یہ کام مکمل کرنے کے لیے 30 روز کیوں چاہئیں۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ شفیع چانڈیو نے عدالت کو بتایا کہ لوکل گورنمنٹ قانون میں ترمیم کا مسودہ تیار ہے اورالیکشن کمیشن سے حلقہ بندیوں کے سلسلے میں تعاون کے لیے کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے۔

تاہم ترمیم شدہ قانون کا مسودہ پارلیمانی کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا، جس کے بعد صوبائی اسمبلی سے منظوری لی جائے گی۔

جس کے بعد اکرم شیخ نے عدالت کو بتایا کہ حلقہ بندیوں کے رولز کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، حلقہ بندیوں کے لیے درکار سازو سامان کی خریداری کے لیے کمیٹیاں بھی بنا دی گئی ہیں۔

اکرم شیخ کے مطابق ہم حلقہ بندیاں اور بلدیاتی انتخاب کرانے کے لیے پرعزم ہیں ۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تاخیر ہماری طرف سے نہیں سندھ اور پنجاب کی جانب سے ہو رہی ہے۔

بعد ازاں عدالت نے سندھ اور پنجاب کو حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات کے تمام انتظامات ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی


چیف الیکشن کمشنر کا کیس نمٹ گیا


دوسری جانب سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی سے متعلق کیس نمٹا دیا۔

پیر کو چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے مستقل چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے کیس نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ہو چکی ہے، لہذا اب اس معاملے پر مزید کارروائی کی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے جسٹس سردار رضا خان کے نام پر اتفاق ہونے کے بعد انھوں نے ہفتے کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔


مزید پڑھیں: جسٹس (ر) سردار رضا نے چیف الیکشن کمشنر کا حلف اٹھا لیا


چیف جسٹس ناصر الملک نے جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا سے ان کے عہدے کا حلف لیا تھا۔

اس سے پہلے جمعرات کو پارلیمانی کمیٹی نے سردار محمد رضا کو نئے چیف الیکشن کمشنر بنانے کی منظوری دے دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 29 مارچ 2025
کارٹون : 28 مارچ 2025