اسحاق ڈار کو تحریک انصاف سے مذاکرات بحال کرنیکا ٹاسک
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے پیر کے روز کہا کہ حکومت پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ موجودہ سیاسی کشیدگی حل کرنے کے لیے مذاکرات کرنے کو تیار ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے مذاکرات بحال کرنے کا ٹاسک وزیر خزانہ اسحاق داڑ کو دیا ہے۔
خیال رہے کہ عمران خان کی جانب سے پہلے اہم شہروں پھر پورے ملک کو ’بند‘ کیے جانے کے اعلان کے بعد حکومت نے اتوار کے روز پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کو خارج از امکان قرار دیا تھا۔
عمران خان کے ’پلان سی‘ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ’سیاسی بحران کی سیاست‘ ترک کرنے سے قبل پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔
تاہم آج ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ہمیشہ مفاہمت کی پالیسی پر عمل کیا ہے جبکہ لاہور میں عمران خان کے زخمی ہونے کے واقعے کے بعد پارٹی قیادت نے عمران خان کی عیادت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ حکومت عوام کی فلاح کے لیے مل جھل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتی رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایک موقع پر تحریک انصاف کے ساتھ چھ میں سے 5.5 نکات پر اتفاق ہوگیا تھا تاہم عمران خان نے اپنی مذاکراتی ٹیم کو ویٹو کردیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کو تعاون کی سیاست کی پیروی کرنی چاہیے، عمران خان اپوزیشن میں رہ کر ایک فعال کردار ادا کرسکتے ہیں اور اس وجہ سے لوگوں نے انہیں ووٹ دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخوا حکومت کے سرکاری وسائل کا استعمال وفاقی حکومت کے خلاف دھرنوں اور جلسوں میں کررہے ہیں جبکہ ن لیگ نے کبھی سرکاری مشینری کو اپنے مفاد میں استعمال نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کا ایک حلقہ بلاوجہ پی ٹی آئی سربراہ کو اضافی پروجیکشن دے رہا ہے اور کم شرکاء کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے جبکہ خالی نشستوں کو دکھانے سے گریز کرتا ہے۔