اسلام آباد: گرفتارمبینہ عسکریت پسند سے بارودی مواد برآمد
اسلام آباد: پولیس نے اسلام آباد میں ایک مبینہ عسکریت پسند کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے خود کش بم بنانے کا مواد برآمد کر لیا۔
ایک پولیس افسر نے پیر کے روز اے ایف پی کو بتایا کہ انہوں نے آب پارہ مارکیٹ کے قریب ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
' جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ملزم کے قبضہ سے دو دستی بم، ڈیٹونیٹر، خود کش جیکٹ میں استعمال ہونے والا ایک سوئچ، بیٹریز، تاریں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے'۔
مصروف آب پارہ مارکیٹ حساس علاقہ ریڈ زون کے قریب واقع ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزم خود کش جیکٹ کی تیاری اور دہشت گردی کرنے کیلئے ایک اور شخص سے ملنے والا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس دوسرے شخص کو تلاش کر رہی ہے۔