عمران خان، طاہر القادری اشتہاری قرار
اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج کوثرعباس زیدی نے اشتہاری قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں کو سینیئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عصمت اللہ جونیجو پر حملہ کرنے اور شدید زخمی کرنے کے مقدمے میں عدم گرفتاری پر اشتہاری قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ رواں سال اگست میں اسلام آباد کے ریڈ زون میں دھرنے کے شرکاء اور پولیس کے مابین تصادم کے نتیجے میں ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو زخمی ہوگئے تھے۔
جس کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اورعوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری پر تھانہ سیکریٹریٹ میں ایس ایس پی پر تشدد کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دونوں رہنماؤں کی طلبی کے نوٹس بار بار دینے کے بعد ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے تھے جبکہ عدالت میں پیش نہ ہونے پر دونوں رہنماؤں کوآج اشتہاری قرار دے دیا گیا۔
عدالت نے عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کو آئندہ سماعت پر گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔
یاد رہے کہ راولپنڈی کی عدالت موٹروے ہنگامہ آرائی کیس میں طاہر القادری کو پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔
جبکہ اس سے قبل پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر حملہ کرنے کے الزام میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے ڈاکٹر طاہر القادری کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں