چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہاکی ٹیم کا اعلان
کراچی : پاکستان ہاکی فیڈریشن نے چیمینز ٹرانی کے لیے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم کا دورہ جنوبی کوریا منسوخ کر دیا ہے۔
کراچی میں چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے چیمپیئنز ٹرافی کے لئے ہاکی ٹیم کا اعلان کیا اور بتایا کہ قومی ٹیم کی قیادت محمدعمران کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں امجد علی ، عمران بٹ ، عرفان سینیئر ، کاشف شاہ ، عماد بٹ ، توثیق احمد ، رضوان جونیئر ، زوہیب اشرف ، تصور عباس ، وقاص شرف ، عمربھٹہ ، شفقت رسول ، رضوان علی ، محمد یعقوب ، رضوان سینیئر ، علی شان اور دلبر حسین شامل ہیں۔
چیمپیئنز ٹرافی میں چھ دسمبر سے ہندوستان میں کھیلی جائے گی۔
'فنڈز کمی'
دوسری جانب پی ایچ ایف حکام نے فنڈز کی کمی کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی سے قبل جنوبی کوریا کا دورہ منسوخ کردیا ہے
ڈان نیوز کے مطابق پی ای ایف حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس فیصلے سے فیڈریشن کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔
'کپتان کی حکومت پر تنقید'
قومی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے بدھ کو ہاکی کلب آف پاکستان میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت قومی کھیل کی ترقی اور کھلاڑیوں کی مالی حالت بہتر بنانے کے لئے بالکل بھی توجہ نہیں دے رہی ہے۔
محمد عمران کی ہی زیرقیادت پاکستان ٹیم نے انچون میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ قوم کے طلب کرنے پر ہانگ کانگ سے ملک چلے آئے جس کی وجہ سے انہیں 15 سے 20 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر فیڈریشن کو کھیل کے فروغ کے لیے فنڈز فراہم کرے۔