الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے مزید وقت درکار، اسحاق ڈار
اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کل (جمعرات) تک ممکن نہیں اور اس حوالے سے مزید ایک ہفتہ ، دس دن درکار ہوں گے۔
منگل کو میڈیا سے گفتگو میں ڈار نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن پر پوری نہیں اتر سکتی کیونکہ وزیر اعظم نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ دونوں ملک سے باہر ہیں۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ 13 نومبر تک نئے الیکشن کمشنر کی تعیناتی کر دی جائے ، تاہم منگل کی شام تک کوئی حتمی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی ۔
ڈار کا مزید کہنا تھا کہ وہ شاہ سے مسلسل رابطوں میں ہیں ، تاہم ایسا لگتا ہے کہ اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعظم کسی ایک نام پر متفق نہیں ہو سکے۔
اگر حکومت ڈیڈ لائن پر پوری نہ اتر سکی تو وہ اپنے اٹارنی جنرل کے ذریعے ، جو خود بھی ملک سے باہر ہیں، سپریم کورٹ سے مزید مہلت کیلئے رجوع کر سکتی ہے۔