مہمند: دو بم دھماکوں میں 6 افراد ہلاک
پشاور: مہمند ایجنسی کے علاقے صافی میں دو بم دھماکوں میں چھ افراد ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بم دھماکوں کا ہدف تحصیل صافی کے گاؤں چناری میں امن کمیٹی کے رضا کار تھے۔
پہلے امن کمیٹی کے ارکان کو ایک ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا اور بعد میں امدادی سرگرمیوں کے دوران دوسرا دھماکا کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں امن کمیٹی کے بزرگ دارا خان کے بیٹے مصور بھی شامل ہیں۔
واقعہ میں زخمیوں کو مہمند گٹ کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے علیحدہ ہونے والے ایک گروپ جماعت الحرار نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
تنظیم کے ترجمان احسان اللہ احسان نے ڈان ۔ کام کو ٹیلی فون پر بتایا کہ امن کمیٹی کے رضا کاروں کو پاکستانی حکومت کی حمایت کرنے پر نشانہ بنایا گیا۔
احسان نے مستقبل میں امن کمیٹی کو ہدف بنانے کا بھی عہد کیا۔