• KHI: Sunny 24.2°C
  • LHR: Sunny 17.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.5°C
  • KHI: Sunny 24.2°C
  • LHR: Sunny 17.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.5°C

’خیبر ملا‘ کی غیر قانونی ریڈیو نشریات

شائع November 6, 2014

پشاور: خیبر ایجنسی میں بھرپور فوجی آپریشن کے باوجود کالعدم جنگجو تنظیم لشکر اسلام کا نجی ریڈیو منگل باغ کے شعلہ بیان خطبات نشر کر رہا ہے۔

باڑہ سے تعلق رکھنے والے لشکراسلام کے سربراہ منگل باغ روزانہ اپنی تقریروں کے ذریعے لوگوں پر سیکورٹی فورسز سے لڑنے پر زور دینے کے علاوہ اپنے مخالفین کو ڈراتے دھمکاتے بھی ہیں۔

حتی کہ وہ اپنے کمانڈروں کو ریڈیو سے نشر تقریروں کے ذریعے نظریاتی اور سیاسی مخالفین کو، جن میں زیادہ تر پی پی پی اور اے این پی سے تعلق رکھتے ہیں، نشانہ بنانے کے احکامات بھی دیتے ہیں۔

خیبر، جمرود، حیات آباد اور پشاور کے نواحی علاقوں ، حتی کہ جولازئی کے رہائشیوں نے کالعدم تنظیم کی ریڈیو نشریات موصول ہونے کی تصدیق کی۔

خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ریڈیو سسٹم کسی گاڑی کے چھت یا پھر باڑہ کی پہاڑیوں سے چلایا جا رہا ہے۔

جمرود کے علاقے شکاص کے قریب رہنے والے زر زمان آفریدی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ وہ روزانہ اپنے موبائل فون کے ریڈیو پر یہ نشریات سنتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گاؤں کے دوسرے بہت سے لوگ بھی یہ تقریریں سن کر خوف زدہ ہیں کیونکہ منگل باغ اکثر قبائلیوں کو کافر کہتے ہوئے انہیں دھمکاتے ہیں۔

سربند کے رہائشی اول گل نے بھی اپنے ریڈیو پر نشریات موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطبے دھمکی آمیز اور باڑہ کی سرحد کے قریب رہنے والوں کیلئے خوف ناک ہیں۔

تاہم، گل کا کہنا تھا کہ پہلے ایسی تقریریں متواتر ہوتی تھیں لیکن آپریشن کے بعد ان کی تعداد میں کمی آچکی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے گزشتہ ہفتہ نشر ہونے والے ایک ایسے ہی خطبے کو پکڑتے ہوئے ایک رپورٹ میں نجی ریڈیو کے آپریشنل ہونے کی تصدیق کی۔

ہفتہ کو نشر ہونے والی ایک تقریر میں منگل باغ نے حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے دعوی کیا کہ وہ اپنی ایف ایم نشریات کو بلاک کرنے کی صورت میں اسے دوبارہ بحال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہ کہ وہ اپنی ’جہادی ٹرانسمیشن‘ جاری رکھیں گے۔

منگل باغ نے اپنی تقریر میں میڈیا کو حکومت کی جانب داری پر خبردار کیا۔ انہوں نے میڈیا پر ’کافروں‘ کے پراپیگنڈا ٹول ہونے کا بھی الزام لگایا۔

ایک اعلی سطحی سیکورٹی افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ نشریات وقفے وقفے سے چلتی رہتی ہے لیکن سیکورٹی فورسز اس ریڈیو نشریات کی کھوج میں ہیں تاکہ اسے بند کیا جا سکے۔

خیال رہے کہ منگل باغ پہلے جنگجو کمانڈر نہیں جو ایف ایم کو پراپیگنڈا کیلئے استعمال کر رہےہیں۔

ان سے پہلے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے موجودہ سربراہ ملا فضل اللہ اپنے ریڈیو چینل سے جوشیلی تقریروں کی وجہ سے ’ملا ریڈیو‘ اور ’ایف ایم ملا‘ کے نام سے مشہو ر ہوئے تھے

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025