دھرنوں سے جتنا حاصل کرنا تھا، کرلیا: طاہر القادری
پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے دھرنے سے جتنا حاصل کرنا تھا، کرلیا، اب شہر شہر جاکر جلسے کریں گے۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری ان دنوں غیر ملکی دورے پر ہیں، جہاں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ کو ستمبر میں ہی بتا دیا تھا کہ دھرنوں سے فوری نتیجہ سامنے نہیں آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے عمران پر یہ واضح کر دیا تھا کہ اب اگر دھرنے جاری رہے تو الٹا نقصان ہوگا اور لوگ سوال کریں گے کہ اب کس لیے بیٹھے ہیں'؟
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ 'دھرنوں سے جتنا حاصل کرنا تھا، کرلیا، تاہم حکومت کا خاتمہ اور قومی حکومت کے قیام کا ہدف حاصل نہیں ہوا'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'عمران خان آزادانہ فیصلے کرنے کے مجاز ہیں اور مستقبل میں عمران خان اور ہم دوبارہ سے اکٹھے ہو سکتے ہیں'۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 21 اکتوبر کو اسلام آباد میں اپنا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: ‘سپر پاورز’ کی وجہ سے دھرنا ختم کیا، طاہر القادری
حکومت کے خاتمے، قومی حکومت کے قیام اور سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہلاک ہونے والے افراد کے قاتلوں کے خلاف کارروائی کے لیے اسلام آباد میں دیئے جانے والے دھرنے کے خاتمے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ 'ہم اسلام آباد میں دھرنا ختم کر رہے ہیں مگر ملک بھر میں احتجاجی جلسوں کا سلسلہ جاری رہے گا، قومی حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، پی اے ٹی کا انقلاب کا ایجنڈا قائم رہے گا'۔
اُس موقع پر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ انقلاب مارچ کے بعد دھرنے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے اب اگلے مرحلے میں ملک کے ہر شہر میں دو دو روز کے لیے دھرنا دیا جائے گا۔