• KHI: Maghrib 6:47pm Isha 8:04pm
  • LHR: Maghrib 6:20pm Isha 7:42pm
  • ISB: Maghrib 6:26pm Isha 7:50pm
  • KHI: Maghrib 6:47pm Isha 8:04pm
  • LHR: Maghrib 6:20pm Isha 7:42pm
  • ISB: Maghrib 6:26pm Isha 7:50pm

عام انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواستیں مسترد

شائع October 29, 2014

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 2013 کے انتخابات کو کالعدم قرار دینے سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کردی ہیں۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق بدھ کو چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے 2013 کے انتخابات کو کالعدم قرار دینے کے حوالے سے درخواستوں کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ میں انتخابات 2013 کو کالعدم قرار دینے کے حوالے سے تین درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔

ایک درخواست میں سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ محمود اختر صدیقی نے ووٹنگ کے لیے استعمال ہونے والے سیاہی اور کاغذ کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔


مزید پڑھیں: عام انتخابات کے خلاف درخواست سماعت کیلیے منظور


جب کہ دوسری درخواست میں ایک سابق وزیر داخلہ نے موقف اختیار کیا تھا کہ انتخابات میں منظم انداز میں دھاندلی کی گئی، لہذا انھیں کالعدم قرار دیا جائے۔

کیس کی سماعت کے موقع پر آج سابق ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن افضل خان بھی عدالت میں موجود تھے۔

افضل خان نے ایک نجی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ انتخابات 2013 میں ہونے والی دھاندلی میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی بھی ملوث ہیں۔

ان کے مطابق الیکشن 2013 میں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم نے آنکھیں بند کرلی تھیں۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے کہا کہ یہ درخواستیں عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتیں اور ان پر سماعت نہیں ہوسکتی، لہذا عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے ان درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 29 مارچ 2025
کارٹون : 28 مارچ 2025