فضا سے جاوید ہاشمی کے پمفلٹس گرانے کا نوٹس
ملتان: الیکشن کمیشن نے این اے 149 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے سینیئر سیاستدان جاوید ہاشمی کے پمفلٹس گرانے کا نوٹس لے لیا۔
ملتان کے حلقہ این اے 149 میں ضمنی انتخابات کل یعنی سولہ اکتوبر کو ہونے جا رہے ہیں جن کے لیے انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق حلقے میں فضا سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جاوید ہاشمی کے پمفلٹس برسائے گئے جس کا الیکشن کمیشن نے بھی نوٹس لے لیا۔
انتخابی مہم کے خاتمے کے بعد فضا سے گرائے گئے جاوید ہاشمی کے پمفلٹ—۔اسکرین شاٹ |
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے معاملہ تحریری طور پر کمیشن کے نوٹس میں لایا گیا ہے اور اگر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو متعلقہ امیدوار کو نااہل بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔
سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنوردلشاد کا کہنا ہے کہ پمفلٹ گرانےکی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
الیکشن کمیشن نے معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے ہیلی کاپٹر سے پمفلٹ گرانے کی فوٹیج بھی طلب کرلی۔
واقعے کے باوجود کل پولنگ شیڈول کے مطابق ہوگی۔
فضا سے پمفلٹ گرانا مہم نہیں اشتہار ہے، جاوید ہاشمی
دوسری جانب مخدوم جاوید ہاشمی نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضا سے پمفلٹ گرانا مہم نہیں بلکہ اشتہار ہے۔
اپنی رہائش گاہ پرایک پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ فضا سے پمفلٹس گرانے کے اخراجات اتنے کم ہیں کہ کوئی بھی انہیں برداشت کر سکتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس مہم پر 40 ہزار روپے خرچ آیا جو کہ ان کے دوست ڈاکٹر اظہر نے برداشت کیے ہیں۔
مزید پڑھیں:ملتان کے ضمنی انتخابات، حکومت کی انا کا مسئلہ
یاد رہے کہ یہ نشست جاوید ہاشمی کے استعفیٰ کے باعث خالی ہوئی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے 16 اکتوبر کو انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔
جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجویا تھا اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اس کی تصدیق بھی کردی تھی۔
پاکستان تحریکِ انصاف نے ملتان کے حلقے این اے 149 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے 149 ملتان سے ضمنی انتخاب کے لیے سابق ایم پی اے جاوید صدیقی کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔