• KHI: Sunny 17.2°C
  • LHR: Sunny 11.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.5°C
  • KHI: Sunny 17.2°C
  • LHR: Sunny 11.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.5°C

مووی ریویو : دی میز رنر - سنسنی خیز ایکشن تھرلر

شائع October 14, 2014

ایک خیالی تباہ حال دنیا کے پس منظر میں فلمائی گئی سائنس فکشن /ایکشن/ تھرلر 'دی میز رنر' رائٹر جیمز ڈاشنر کی اسی نام کے سائنس فکشن ناول سے ماخوذ ہے-


پلاٹ


تین حصّوں پر مشتمل فلم کا یہ پہلا حصّہ نوجوان لڑکوں کے ایک گروپ کی کہانی ہے جو گلیڈ نامی ایک بھول بھلیوں میں قید ہیں جہاں ہر تیس دن بعد ایک نئے ممبر کا اضافہ ہوتا ہے- یہ تمام لڑکے جو خود کو گلیڈرز کہتے ہیں کوئی تین سال سے اس جگہ قید ہیں اور اپنے بارے میں کچھ نہیں جانتے حتیٰ کہ انہیں یہ بھی نہیں معلوم کے اس بھول بھلیوں سے باہر بھی کوئی دنیا ہے بھی یا نہیں، نا ہی وہ یہ جانتے ہیں کہ یہ سب ایک تجربے کا حصّہ ہے-

وہ صرف یہ جانتے ہیں کہ آزادی کا راستہ اسی بھول بھلیوں میں کہیں موجود ہے چناچہ روز ان میں سے تیز حرکت کرنے والے لڑکے جنہیں 'میز رنر' کہا جاتا ہے دن کے وقت وہ راستہ تلاش کرنے نکلتے ہیں اور ایک مخصوص وقت پر انہیں واپس بھی آنا ہوتا ہے کیونکہ اس کے بعد 'میز' کے دروازے بند ہوجاتے ہیں اور مکڑی نما عفریت 'گریور' بھول بھلیوں میں گھومنے لگتی ہے-

تین سال تک یہ لڑکے چین و سکون کے ساتھ گلیڈ میں زندگی گزار رہے ہوتے ہیں پھر ان کے درمیان ایک نیا ممبر تھامس (ڈیلن او برائن) آتا ہے- تھامس کو بھی دیگر لڑکوں کی طرح اپنے بارے میں کچھ یاد نہیں لیکن اس کی آمد سے گلیڈ کے رہائشیوں کی زندگی یکسر بدل جاتی ہے اور زندگی و موت کی کشمکش کا کھیل شروع ہو جاتا ہے-

'دی میز رنر' نوجوانوں سے متعلق کوئی پہلی ایکشن تھرلر نہیں اس سے پہلے 'ٹوائیلائٹ' اور 'ہنگر گیمز' بھی نوجوانوں میں خاصی مقبول رہی ہیں- مختلف پس منظر میں فلمائی گئیں دونوں ہی فلموں کے مرکزی کردار نوجوان اداکار رہے ہیں، 'دی میز رنر' بھی اسی کیٹگری کی فلم ہے-

تو 'دی میز رنر' کو کیا چیز ان فلموں سے الگ کرتی ہے؟ سب سے پہلے اس کا گرینڈ ڈیزائن- فلم کو بھول بھلیوں کی شکل میں ایک عالیشان اسٹرکچر دیا گیا ہے اس کے باوجود یہ کلَرفُل نہیں ہے لائٹنگ اس طرح استعمال کی گئی ہے کہ کرداروں کے ہجوم کے باوجود ماحول ڈپریسڈ سا محسوس ہوتا ہے، ساتھ ہی اس میں ہونے والی تبدیلی پر دیا گیا ساؤنڈ افیکٹ ایک شیطانی تاثر دیتا ہے-

حالانکہ شروعات میں کرداروں کی ڈویلپمنٹ میں خاص وقت برباد کیا گیا ہے لیکن فلم کا متحرک اسکرین پلے کہانی کو ایک تسلسل میں رکھتا ہے- ایک کے بعد ایک آنے والے سین، دیکھنے والے کو کہانی میں انگیج رکھتے ہیں- خصوصاً بھول بھلیوں میں فلماۓ گۓ سیکوینس نے اسے غیرمعمولی طور پر سنسنی خیز بنا دیا ہے-

اسکرین پلے کو جانا پہچانا ہرگز نہیں کہا جاسکتا، کیوں کہ اس کا ہر سین آپ کے لئے ایک سرپرائز رکھتا ہے- سب سے بہترین لمحہ فلم کا کلائمیکس ہے جہاں کرداروں اور دیکھنے والوں کے لئے جوابات کی جگہ مزید سوالات منتظر ہیں یہی اس فرنچائز کی کامیابی کی ضمانت ہے حالانکہ مرکزی پلاٹ اور اس کے کرتا دھرتاؤں کے ارادے فلم میں واضح کر دیے گئے ہیں اس کے باوجود یہ سوالات دیکھنے والوں کو اگلے حصّے کا منتظر رکھیں گے-

فلم کی کاسٹ مضبوط کرداروں پر مشتمل ہے، سپر ہیرو فلمز کے برعکس ایسے کردار جو ضرورت پڑنے پر مارے بھی جاسکتے ہیں- تھامس (ڈیلن او برائن) اور اس کے حریف گائلی (وِل پولٹر) نے شروعات میں ہی ہیرو اور ولن کی خصوصیات دکھانا شروع کردیں-

دیگر کردار تقریباً وہی ہیں جو اکثر ایسی موویز میں ہوتے ہیں ایک مخلص چھوٹے بھائی جیسا دوست چَک (بلیک کوپر)، دو جنگجو منہو اور نیوٹ (کی ہونگ لی اور تھامس بروڈی -سنگسٹر)، ایک دانا دوست البی (امل امین) اور ایک رازدار ہمدرد لڑکی ٹریسا (کایا سکوڈلارو ) یہ تمام کردار تھامس کو اپنی مہم سرانجام دینے میں مدد کرتے ہیں-


آخری الفاظ


'دی میز رنر'، ڈائریکٹر ویس بال کی پہلی ڈائریکشن ہے- ڈائریکٹر کو اس بات کی داد دینی چاہیے کہ انہوں نے کتابی کہانی کو خود پر حاوی نہیں کیا اور فلم کو اپنے ٹریک سے ہٹنے نہیں دیا اس طرح تمام سینز کے بیچ سیکوینس قائم رہا اور اگر کہیں پر کوئی جھول ہے بھی تو وہ قطعی محسوس نہیں ہوتا-

'دی میز رنر' زندگی اور موت کی کشمکش میں گھری ایک بہترین ایکشن تھرلر ہے، اسے دیکھنے کا اصل مزہ بڑی سکرین پر ہی ہے جبکہ فلم کے اگلے حصّے سے توقعات وابستہ کرنا غلط نہ ہوگا-

ناہید اسرار

ناہید اسرار فری لانس رائیٹر ہیں۔ انہیں حالات حاضرہ پر اظہارخیال کا شوق ہے، اور اس کے لیے کی بورڈ کا استعمال بہتر سمجھتی ہیں- وہ ٹوئٹر پر deehanrarsi@ کے نام سے لکھتی ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2025
کارٹون : 23 دسمبر 2025