زہرہ شاہد کے مبینہ قاتلوں کی شناخت
کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زہرہ شاہد کے قتل کیس کی سماعت کے دوران عینی شاہد نے عدالت کے روبرو دونوں ملزمان کو شناخت کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق دونوں ملزمان راشد عرف ٹیلر اور زاہد عباس زیدی کو تیرہ اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔
شناخت کے بعد اب ان ملزمان کو کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ملزمان پر گزشتہ سال عام انتخابات کے دوران پی ٹی آئی کی رہنما زہرہ شاہد کو کراچی میں کے پوش علاقے ڈیفنس میں ان کے گھر کے باہر ٹارگٹ کرکے قتل کرنے کا الزام ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی: تحریک انصاف سندھ کی نائب صدر زہرہ شاہد قتل
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور انہیں 25 ستمبر کو کلفٹن پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
عدالت اس سے قبل راشد عرف ٹیلر کا دو بار سات سات دن اور زاہد عباس زیدی کا ایک مرتبہ سات دن کا ریمانڈ دے چکی ہے۔
مزید پڑھیں: زہرہ شاہد قتل کیس:دو ملزمان کا 7روزہ جسمانی ریمانڈ
کیس کی گزشتہ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا تھا کہ ملزمان سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے،جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کے ریمانڈ میں تیرہ اکتوبر تک توسیع کر دی تھی۔
پیر کو یعنی آج سماعت کے دوران عینی شاہد نے عدالت کے روبرو دونوں ملزمان کو شناخت کرلیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پر زہرہ شاہد کے قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے خلاف احتجاج کا اعلان بھی کیا تھا ۔












لائیو ٹی وی