ملتان: ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد
ملتان: پنجاب حکومت کی ملتان کے حلقہ این اے-149 میں ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن نے مسترد کردی ہے۔
نمائندہ ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 149 ملتان میں سولہ اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث انتخابات کچھ روز کے لیے ملتوی کیے جائیں۔
تاہم الیکشن کمیشن نے این اے 149 ملتان میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے سے متعلق پنجاب حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے رینجرز کی زیر نگرانی انتخابات کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس سے قبل صوبائی الیکشن کمیشن نے بھی ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی مخالفت کردی تھی۔
صوبائی الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا تھا کہ ملتان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے اور وہاں سولہ اکتوبر کو شیڈول کے مطابق انتخابات ہوں گے۔
یاد رہے کہ ملتان کے حلقہ این اے-149 سے قومی اسمبلی کی نشست جاوید ہاشمی کے استعفے کے باعث خالی ہوئی ہے۔
جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف کے دیگر ارکان کے ہمراہ اپنا استعفی اسپیکر کو بھجوایا تھا اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں اس کی تصدیق بھی کردی تھی۔
پاکستان تحریکِ انصاف نے ملتان کے حلقے این اے 149 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے 149 ملتان سے ضمنی انتخاب کے لیے سابق ایم پی اے جاوید صدیقی کے نام کا اعلان کیا ہے ۔
جبکہ بزرگ سیاستدان جاوید ہاشمی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے این اے 149 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔
مزید پڑھیں:جاوید ہاشمی کا ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان