سانحہ ملتان،غیرجانبدارجج سےتحقیقات کروانے کا مطالبہ
ملتان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملتان میں جلسے کے حوالے سے اس بات کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ جلسہ گاہ کےدروازے کس نےبند کروائے تھے اور کس نے ان کو تالے لگوائے تھے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جلسہ ختم ہونےپرتمام دروازے کھلنےچاہیےتھے، غیر جانبدار جج سانحہ ملتان کی تحقیقات کریں، ملتان سانحے کی آزاد تحقیقات کروائی جائے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے حالات دیکھ کر بہت دکھ ہوا، آج ہم نے خوشیاں منانی تھیں،سانحےکی وجہ سےافسوس منانا پڑا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ جلسے میں پانی نہ ہونے سے لوگ بیہوش ہورہے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ جلوسوں میں اسٹیج کے معاملات خود یکھیں گے، سرگودھا جلسے میں بھی انتظامیہ سے معاملات طے کریں گے تاکہ بد نظمی نہ ہو۔
پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ ملالہ کو نوبل انعام ملنے پر مبارک باد دیتے ہیں، وہ تعلیم کی بات کرتی ہے اور تعلیم پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ تھا۔
عمران خان نے کہا کہ تبدیلی عوام کی قوت کے بغیرنہیں آتی، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اقتدار میں آنا ہوتا تو بہت پہلے آ جاتا، اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر اقتدار میں آئیں تو ان کی مرضی سے چلنا پڑتا ہے۔
سانحہ ملتان کے لواحقین کےلیے 8،8لاکھ روپے کی امداد
اس موقع پر پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے گھر گھر جا کر لواحقین سے تعزیت کی ہے، سانحہ ملتان میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 8،8لاکھ روپے دیے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مظفر گڑھ سے سابق رکن اسمبلی چنو خان لغاری نے اپنے خاندان کے افراد کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی جس کا اعلان شاہ محمود قریشی نے کیا۔
عہدیداران کا بائیکاٹ
تحریک انصاف کے ملتان کے صدر نے پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پی ٹی آئی ملتان کے صدر اعجاز جنجوعہ نے عمران خان کی پریس کانفرنس کا بایئکاٹ کیا
اعجازجنجوعہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پریس کانفرنس میں ضلعی عہدیداروں کو مدعو ہی نہیں کیاگیا۔