• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm

سانحہ ملتان: تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل

شائع October 11, 2014
ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی میں بھگدڑ مچنے کے بعد ایک شخص کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے—۔فوٹو اے ایف پی
ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی میں بھگدڑ مچنے کے بعد ایک شخص کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے—۔فوٹو اے ایف پی

لاہور: حکومت پنجاب نے گزشتہ روز ملتان میں تحریک انصاف کے جلسے میں بھگدڑ مچنے کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی انکوائری کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق ملتان واقعہ پر پنجاب حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری ماحولیات اقبال محمد چوہان کریں گے۔

دیگر ممبران میں ڈی آئی جی علی عامر ملک اور اسپیشل سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر شعیب اکبر شامل ہیں، جو ملتان واقعے کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو پیش کریں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق انکوائری کے تمام پہلو میڈیا کے سامنے لائیں جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے بعد بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

بھگدڑ اس وقت مچی جب عمران خان کے خطاب کے بعد جلسے کے شرکاء اپنے گھروں کو واپس جانے کے لیے جلسہ گاہ سے باہر نکلنے لگے۔

نشتر ہسپتال کے شعبۂ حادثات کے ڈائریکٹر پرویز حیدر نے بتایا کہ واقعے میں کم از کم سات افراد ہلاک جبکہ 42 زخمی ہوئے۔


مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے جلسے میں بھگدڑ، کم از کم 7 افراد ہلاک


پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی انتظامیہ جلسوں کے انتظامات کی اہلیت نہیں رکھتی۔

لاہور میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے زعیم قادری نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے تو واقعے کے بعد ملتان میں رکنا بھی گوارا نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسے کے لیے جگہ کا انتخاب پارٹی کے ضلعی صدر نے خود کیا تھا۔

زعیم قادری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈی سی او ملتان اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والے معاہدے میں طے پایا تھا کہ اگر کوئی واقعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ دار تحریک انصاف ہوگی۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ق) کےرہنما چودھری شجاعت حسین اور پرویز الہی نے ملتان سانحہ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر جتنا بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔

اُدھر ملتان جلسے کے بعد بھگدڑ مچنے سے سات افراد کے ہلاک ہونے کا مقدمہ ملتان کے تھانہ لوہاری گیٹ میں درج کرلیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024