آپریشن 021 کے لیے ایک بڑا جھٹکا
لولی وڈ کے سپر اسٹار شان شاہد کی آپریشن 021 کو سال رواں کی سب سے بڑی پاکستانی فلم قرار دیا جا رہا ہے اور بیشتر سینماﺅں پر یہ ہاﺅس فل بھی جا رہی ہے تاہم پاکستان کے سب سے پرانے سینماﺅں کیپری اور بمبینو میں اسے کچھ مختلف حالات کا سامنا کرنا پڑا۔
عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی اس فلم کا ان دونوں سینماﺅں میں دیکھنے والوں نے بوتلیں پھینک کر استقبال کیا۔
بمبینو کے پراجیکشن روم آپریٹر مکیش کے مطابق لوگوں کو یہ فلم پسند نہیں آئی جس کی ممکنہ وجہ یہ ہے کہ یہ ایک انگریزی فلم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے عملے نے آکر مجھے بتایا کہ لوگ اسکرین پر بوتلیں مار رہے ہیں جس پر میں نے کہا کہ ہم شیڈول شو کو روک نہیں سکتے۔
بمبینو میں عید کے پہلے روز اس فلم کے دو شوز دکھائے جانے تھے تاہم اس واقعے کے بعد رات آٹھ بجے والا شو نہ دکھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
مکیش کا کہنا تھا کہ یہ بری فلم نہیں مگر جب ہمیں اچھا عوامی ردعمل نہ ملے تو ہم اس فلم کو ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہیں۔
اس کے بقول کیپری سینما کو بھی عید کے پہلے روز تین بجے والے شو میں اسی طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑا۔
اب ان دونوں سینماﺅں میں آپریشن 021 کی بجائے 'نامعلوم افراد' اور 'بینگ بینگ' کو دکھایا جا رہا ہے۔
ان دونوں سینماﺅں کا یہ فیصلہ ٹوئیٹر پر بھی گرما گرم بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔