سیالکوٹ: ہندوستان کی بلا اشتعلال فائرنگ سے اب تک 10 ہلاکتیں
سیالکوٹ: پاکستان اور ہندوستان کی ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستانی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک جبکہ چار زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق منگل کو ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستانی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، جسے چناب رینجرز نے ناکام بنا دیا۔
سیالکوٹ کے چھپڑار سیکٹر میں انڈین فوج کی فائرنگ سے غلام حسین اور آصف ہلاک جبکہ ایک شخص شبیر زخمی ہوگیا۔
چار واہ سیکٹر میں مارٹر شیل لگنے کے باعث زخمی ہونے والا شخص بدھ کی صبح دم توڑ گیا۔
علاوہ ازیں گاؤں ڈھاٹی کے سجیت گڑھ سیکٹر میں ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے اعجاز، ناتھے خان اور عبدالرزاق زخمی ہو گئے۔
مسسلسل ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ورکنگ باؤنڈری کے قریب واقع گھروں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
اس طرح گزشتہ تین روز کے دوران ہندوستان اور پاکستان کی سرحد پر واقع ورکنگ باؤنڈری کے قریب ہندوستانی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 10 شہری ہلاک جبکہ دو درجن سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر انڈین افواج کی فائرنگ کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر ہندوستانی سفارت خانے سے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ چند ہفتوں کے دوران ہندوستان کی جانب سے پاکستانی سرحدی علاقے میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور متعدد بار دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
گزشتہ سال دسمبر میں پاکستان اور ہندوستان نے ایل او سی سیز فائر معاہدے 2003 کی پاسداری کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا، لیکن اس کے باوجود اس قسم کے واقعات رک نہیں سکے ۔
رواں سال اگست کے مہینے میں سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر بھی متعدد بار ہندوستان کی طرف سے فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے، جبکہ متعدد مویشی بھی ہلاک ہوگئے تھے۔
پاکستان نے ہندوستان سے فوری طور پر ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر سیزفائر اور بلااشتعال شیلنگ روکنے کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔
یہ مطالبہ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے اپنے بیان میں کیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سرتاج عزیز نے کہا کہ بدقسمتی سے ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر قیام امن کی تمام تر کوششوں کو ہندوستان نے تعاون نہ کرکے ناکام بنادیا ہے۔
مزیز پڑھیں: ہندوستان جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے، سرتاج عزیز
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ہندوستانی حکومت سے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ امن کے قیام کو ممکن بنایا جاسکے۔
گزشتہ چند روز کے دوران ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر متعدد بار بلااشتعال فائرنگ کا معاملہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے سامنے بھی اٹھایا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کا فوجی مبصرگروپ ورکنگ باﺅنڈری کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گا۔