طاہر القادری نے گلو بٹ کو معاف کردیا
اسلام آباد: سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دوران گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور پتھراؤ میں ملؤث ملزم گلو بٹ نے پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے معافی مانگ لی، جس پرعلامہ صاحب نے گلو بٹ کو معاف کردیا۔
ڈان نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے روپوش گلو بٹ نے کہا کہ وہ پوری قوم سے معافی مانگتے ہیں اور ڈاکٹر طاہر القادری کے بھی پاؤں پڑ کر ان سے معافی مانگنے کو تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے کیے پر شرمندہ ہوں، نہ تو میں مجرم ہوں اور نہ مجرم کا بیٹا ہوں۔
'جو پستول اور ڈنڈا میرے پاس سے ملا وہ میری ملکیت نہیں تھا'۔
'ماڈل ٹاؤن والے روز عوامی تحریک کے کارکنوں نے مجھے تھپڑ مارا، جس کی میں نے پولیس والوں سے شکایت کی اور میری برداشت پر انہوں نے میری پیٹھ تھپتھپا کر شاباشی دی'۔
گلو بٹ کا کہنا تھا کہ وہ جیل میں رہ کر اپنی اصلاح کر چکے ہیں۔
انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ انہیں دہشت گرد بنا کر پیش نہ کرے۔
گلوبٹ کا کہنا تھا کہ مونچھیں میرا شوق ہیں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں بدمعاش ہوں۔
گلو بٹ کے اس بیان کے بعد علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ 'میرا دل سمندر سے بھی زیادہ وسیع ہے اور کسی بڑے سے بڑے دشمن کو بھی معاف کر سکتا ہوں لیکن یہ دیکھنا پڑے گا کہ نقصان میرا ہوا ہے یا کسی کا اور کا ہوا ہے'۔
'لہٰذا جن کا نقصان کیا ہے ان سے پوچھنا زیادہ ضروری ہے'۔
گلوبٹ کا خصوصی انٹرویوآج شام 5 بج کر 5 منٹ پر ڈان نیوز پر نشر کیا جائے گا۔
تبصرے (1) بند ہیں