سندھ کی تقسیم ایم کیو ایم کا مطالبہ نہیں، الطاف حسین
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم ایم کیو ایم کا مطالبہ نہیں ہے، ایک گھر کے چار کمرے ہوں تو وہ تقسیم نہیں ہوتا۔
ڈان نیوز کے مطابق الطاف حسین نے لندن سے لال قلعہ گراونڈ عزیزآباد میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم جاگیرداروں اور وڈیروں کی جماعت نہیں بلکہ غریب کسانوں کی جماعت ہے۔
انہوں نے سندھ میں رہنے والوں کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئےکہا کہ سندھ کی تقسیم متحدہ کا مطالبہ نہیں ہے، ایک گھر کے چار کمرے ہوں تو گھر تقسیم نہیں ہوتا۔
الطاف حسین نےکہاکہ وہ فرسودہ جاگیردارانہ نظام اوروی آئی پی کلچر کا خاتمہ چاہتے ہیں، پارٹی میں بھی کسی نے بلاوجہ وی آئی پی بننے کی کوشش کی تو وہ گھر بیٹھ جائے۔
انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ کسی سے زبردستی قربانی کی کھالیں نہ لی جائیں، شکایت ملنے پر کارکن کو پارٹی سے فارغ کردیا جائے گا۔