پشاور: اسکول پر دستی بم حملے میں ٹیچر ہلاک
پشاور: پشاور کے علاقے شبقدر میں ایک اسکول پر دستی بم حملے میں ایک ٹیچر ہلاک اور دو بچے زخمی ہو گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسکول کو ایک ماہ قبل خطوط ملے تھے جن میں انتظامیہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسکول آنے والے بچوں کو پینٹ شرٹ کے بجائے شلوار قمیض پہنائیں اور اس حوالے سے وقفے وقفے سے فون کالز بھی آرہی تھیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق بدھ کو نامعلوم شرپسندوں نے شبقدر کے علاقے میں واقع عسکری پبلک اسکول اور کالج پر دستی بم پھینکا۔
دھماکے کے نتیجے میں اسکول ٹیچر میڈم ہنی ہلاک ہو گئیں جبکہ دو بچے زخمی ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ حملے کے بعد شدت پسند جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ٹیچر کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔