• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:49pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:52pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:49pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:52pm

میراتھن کی تاریخ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم

شائع September 28, 2014
کینیا کے ڈینس کمیٹو کا ورلڈ ریکارڈ بنانے کے بعد گولڈ میڈل کے ہمراہ خوبصورت انداز۔ فوٹو اے ایف پی
کینیا کے ڈینس کمیٹو کا ورلڈ ریکارڈ بنانے کے بعد گولڈ میڈل کے ہمراہ خوبصورت انداز۔ فوٹو اے ایف پی

برلن: کینیا کے ڈینس کمیٹو نے 41ویں برلن میراتھن میں دو گھنٹے تین منٹ میں فاصلہ طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

کینیا کے 30 سالہ ایتھلیٹ نے اتوار کو ہونے والی میراتھن میں 26سیکنڈ کے فرق سے سابقہ عالمی ریکارڈ توڑا، اس سے قبل ان ہم وطن ولسن کپسانگ نے گزشتہ سال برلن میں ہی دو گھنٹے تین منٹ 23 سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

کمیٹو نے دو گھنٹے دو منٹ اور 57 سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کیا اور اس کے ساتھ ہی وہ میراتھن کی تاریخ میں دو گھنٹے تین منٹ سے کم وقت میں فاصلہ طے کرنے والے دنیا کے پہلے ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔

اس موقع پر کمیٹو نے کہا کہ میں بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں کیونکہ آج میرے لیے بہت بڑا دن ہے، شائقین نے مجھے اعتماد بخشا جس سے مجھے یہ ریکارڈ بنانے کی تقویت ملی۔

اس موقع پر ڈینس کمیٹو نے اپنا ہی ریکارڈ توڑنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

ایک اور کینین ایتھلیٹ ایمونل متائی نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دو گھنٹے تین منٹ 13 سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالا اور وہ کمیٹو کے بعد تیز ترین میراتھن ایتھلیٹ بن گئے۔

ایک موقع پر متائی اپنے ہم وطن فاتح کمیٹو سے آگے تھے تاہم اختتامی لمحات میں کمیٹو نے انہیں پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔

اس موقع پر متائی نے کہا کہ میں آج یہ کامیابی حاصل کرنے پر بہت خوش ہوں، یہ آسان نہیں تھا اور ریس بہت سخت تھی، میں نے جیت کی پوری کوشش کی لیکن بہتر کھلاڑی فتح کا حقدار ٹھہرا۔

ایتھوپیا کے ابیرا کوما ریس میں تیسرے نمبر پر رہے جنہوں نے فاصلہ دو گھنٹے پانچ منٹ اور 56 سیکنڈ میں طے کیا۔

خواتین کے مقابلوں میں ایتھوپیا کی ترفی سگائے پہلے نمبر پر رہیں جنہوں نے دو گھنٹے 20 منٹ اور 18 سیکنڈ میں فاصلہ طے کیا جبکہ ان کی ہم وطن فیسے تدیسا صرف نو سیکنڈ کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 18 اکتوبر 2024
کارٹون : 17 اکتوبر 2024