ہنگو: نامعلوم افراد کی فائرنگ، تین پولیس اہلکار ہلاک
پشاور: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ پیر کی صبح ضلع ہنگو کے علاقے قاضی پمپ کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ہنگو سٹی پولیس اسٹیشن کی حدود میں قاضی پمپ کے قریب پولیس اہلکار معمول کی ڈیوٹی پر تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے پولیس کی وین کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ضلع ہنگو کے مشرق میں کوہاٹ اور کرک جبکہ مغرب میں اورکزئی اور کرم ایجنسی کے قبائلی علاقے ہیں۔ یہ پہلے کوہاٹ کی ایک تحصیل تھا، بعد میں اس کو ڈسٹرکٹ کا درجہ دیا گیا۔
یہ ضلع عسکریت پسندوں کی کارروائیوں کا آئے دن نشانہ بنتا رہا ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں