نواز شریف جمہوریت کیلیے سب سے بڑا خطرہ ہیں، شیخ رشید
کراچی: پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے وزیراعظم نواز شریف کو جہموریت کےلیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی مولانا سراج الحق سے پاکستان کو مصر جیسا بننے سے بچانے کی اپیل کردی ۔
کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے حکومت اور اتحادی جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو ہم خیال پارٹیاں قرار دیتے ہوئے انھوں نے وزیراعظم نواز شریف کو جمہوریت کےلیے سب سے بڑا خطرہ ہی قرار دے ڈالا ۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم کسی سے لڑنے کراچی نہیں آرہے بلکہ عوام کے حقوق اور تحفظ کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔
انہوں نے جمہوریت کے استحکام کے لیے امیر جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا اور اپیل کی کہ سراج الحق پاکستان کو مصر جیسا بننے سے بچائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ کل بروز اتوار کراچی میں ہوگا، جس سے پارٹی کے سربراہ عمران خان اور دیگر قائدین خطاب کریں گے۔