طاہر القادری کی کرنسی نوٹوں پر 'گو نواز گو' لکھنے کی مہم ختم
اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی )کے سربراہ طاہرالقادری نے کرنسی نوٹ پر 'گو نواز گو' لکھنے کی مہم ختم کرتے ہوئے اب ہر ایس ایم ایس، ای میل اور فیس بک اسٹیٹس کے شروع اور آخر میں 'گو نواز گو' لکھنے کی ہدایت کردی ہے۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے یہ مہم ختم کرنے کا اعلان اسٹیٹ بینک کے گورنر کے اس بیان کے بعد کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ کرنسی نوٹوں پر سیاسی نعرے لکھنا غیرقانونی ہے۔
ڈاکٹرطاہرالقادری نے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ اب ہر ایس ایم ایس، ای میل اور فیس بک اسٹیٹس کے شروع اور آخر میں 'گو نواز گو' لکھا جائے۔
مزید پڑھیں:طاہر القادری کاکرنسی نوٹوں پر گو نواز گو لکھنے کی مہم کا اعلان
اسلام آباد میں اپنے کارکنوں سے خطاب میں طاہرالقادری نے کرنسی نوٹوں پر 'گو نواز گو' لکھنے کی مہم ختم کرنے کی وضاحت بھی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے قانون کے احترام میں نوٹوں پر 'گونواز گو' مہم ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی اے ٹی سربراہ نے الزام عائد کیا کہ ملک میں جمہوریت نہیں خاندانی بادشاہت ہے اور دو شوگرملز بچانے کے لیے لاکھوں گھر برباد کیے گئے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جو شہری ظلم کے نظام کو رَد کرتے ہیں، وہ ہر جگہ 'گو نواز گو' لکھیں۔
تبصرے (1) بند ہیں