چکنگ روکنے کیلئے پہنے جانے والے سنسرز پر کام جاری
میلبورن: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے محتاط انداز میں امید ظاہر کی ہے کہ غیر قانونی باؤلنگ ایکشنز کو ختم کرنے کے لیے پہنے جانے والے سینسر بنیادی ٹیکنالوجی بن سکتے ہیں۔
آئی سی سی کے جنرل مینیجر کرکٹ جیف آلارڈائس نے رائٹرز کو بدھ کے روز ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس ٹیکنالوجی میں بہت پیش رفت ہوئی ہے تاہم میچوں میں اسے استعمال کرنے کے حوالے سے کچھ دشواریاں تاحال موجود ہیں۔
آئی سی سی نے منگل کو پاکستانی آف سپنر سعید اجمل پر متنازع باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے پابندی لگا دی تھی۔
اجمل پر پابندی سے ان خدشات کو ہوا ملی ہے کہ انٹرنیشل سطح پر کرکٹ میں 'چکنگ' بہت زیادہ ہے تاہم اس پابندی کو بروقت بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
بعض اوقات امپائرز 'چکنگ' کے حوالے سے میچ ریفری کو رپورٹ کرنے میں ہچکچاتے ہیں اور ایسے میں آئی سی سی امید ظاہر کر رہی ہے کہ پہنے جانے والے سنسرز پر مبنی ٹیکنالوجی سے بروقت کھیل کے دوران ہی غیر قانونی باؤلنگ ایکشن سامنے آ سکیں گے۔
آئی سی سی آسٹریلوی محققین کے ساتھ ایسےسنسرز تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو خلاف قانون باؤلنگ ایکشن کی فوری نشان دہی کر سکیں۔
آلارڈائس کے مطابق، یہ تحقیقی پروگرام اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے تیسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے تاہم ابھی کچھ دشواریاں حائل ہیں۔
'میچوں میں استعمال کئے جانے سے پہلے اس میں کچھ کام باقی رہ گیا ہے'۔
آلارڈائس کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے کو مکمل ہونے میں ڈیڑھ سے دو سال لگ سکتے ہیں۔'آپ 2015 کے وسط سے پہلے اس سسٹم کے استعمال ہونے کی امید نہیں کر سکتے'۔
باؤلر کے بازو پر لگائے جانے والے یہ سنسرگیند پھینکتے وقت کامیابی سے سارے عمل کو ریکارڈ کر سکیں گے۔












لائیو ٹی وی