پرویز خٹک کی آرمی چیف سے ملاقات
راولپنڈی: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی ہے جس میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کاموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پرویز خٹک نے دس کروڑ روپے کا امدادی چیک بھی آرمی چیف کو پیش کیا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے یہ رقم فوج کی سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف سرگرمیوں کے لیے پیش کی گئی۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ریلیف اور امدادی سرگرمیوں میں مسلح افواج کا کردار قابل تعریف ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے منگل کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا۔
اس موقع پر مقامی فوجی حکام نے آرمی چیف کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کے بارے میں بریف کیا۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کو جلد از جلد محفوط مقامات پر پہنچائیں۔