• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

صدر، وزیراعظم کا یومِ دفاع پر پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار

شائع September 6, 2014

لاہور: آج ملک بھر میں یومِ دفاع روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر صدر پاکستان ممنون حسین نے اپنے خصوصی پیغام میں ملکی دفاع اور وقار کی خاطر ڈٹ جانے والے سپاہیوں، غازیوں اور شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے قوم کو یقین دلایا کہ موجودہ جمہوری حکومت اپنی مسلح افواج کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے پاک فوج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس سے قبل پورے ملک میں آج دن کا آغاز مساجد میں ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔

کراچی میں یومِ دفاع کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کےمہمان خصوصی ایئروائس مارشل عاصم ظہیر تھے۔ انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

مزارِ قائد پی اےایف رسالپور اکیڈمی کے چاق چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ہیں، واضح رہے کہ پی اےایف رسالپور اکیڈمی کے دستے میں خواتین بھی شامل ہیں۔

لاہور میں مزارِ اقبال پر گریژن کمانڈر میجرجنرل عامرعباسی نے حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔

دوسری جانب لاہور میں ہی میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر بھی ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں جنرل آفسیر کمانڈرنگ میجر جنرل فدا حسین نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور سلامی دی۔

میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر شہید کے اہلخانہ نے بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر فرنٹیئر کور کے دستے نے مزار پر سلامی پیش کی ۔

جبکہ لاہور ہی میں واہگہ بارڈر پر جنگ ستمبر کی شہداء کے یادگار پر بھی پاک فوج کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی فاتحہ خوانی کے لیے یہاں پہنچ رہی ہے۔

یوم دفاع کے حوالے آج مختلف ٹی وی چینلز اور ریڈیو پر خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024